
آرمی چیف خود معاملہ دیکھیں کیونکہ عارف حسن کسی ملکی اتھارٹی کو نہیں مانتے: سابق وفاقی وزیر
سابق وفاقی وزیر ورہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سربراہ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا۔ سابق وفاقی وزیر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں 1990 سے 2022 تک ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کے حاصل کردہ میڈلز کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا سربراہ اولمپکس ایسوسی ایشن اس بارے کوئی وضاحت دینا چاہیں گے؟
احسن اقبال نے پچھلے 32 سالوں کے دوران منعقد ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں بھارت اور پاکستان کی طرف سے جیتے گئے میڈلز کی تعداد کا چارٹ شیئر کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ سربراہ پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن قوم کو اس حوالے سے کوئی وضاحت دینا چاہیں گے۔
انہوں نے لکھا کہ پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی سربراہی 2004 سے اب تک لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن کر رہے ہیں اور ہر سال ہر طرح کے ذرائع استعمال کر کے خود کو منتخب کروا لیتے ہیں۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے اس عہدے پر توثیق شدہ 2 معیاد کی حد کو قبول کرنے سے بھی انکار کر دیا اور اب تک اس عہدے پر براجمان ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ اس عرصے کے دوران پاکستان کی اولمپکس مقابلوں میں میڈلز جیتنے کی تعداد کم ہوتی رہی اور بھارت کے میڈلز کی تعداد بڑھتی رہی۔ چارٹ میں پاکستان کے حاصل کردہ میڈلز کی تعداد کا بھارت سے موازنہ کیا جائے تو ان کے دور میں پاکستانی کھیلوں کی ہونے والی تباہی کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ: میری آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے درخواست ہے کہ معاملہ کو خود دیکھیں کیونکہ سید عارف حسن پاکستان کی کسی بھی اتھارٹی کے سامنے اپنے آپ کو جوابدہ نہیں سمجھتے۔ پاکستان میں کھیلوں کی تباہی کے ذمہ دار ہیں جس پر پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کا سربراہ بدلنے کی ضرورت ہے، اس سے زیادہ تذلیل قابل قبول نہیں ہے!
https://twitter.com/x/status/1711614654311547264
واضح رہے کہ وفاقی حکومت اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی طرف سے بھی اس سے پہلے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن اور دیگر عہدیداران کے استعفے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔ سربراہ اولمپکس ایسوسی ایشن نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں کھلاڑیوں کی تربیت اور کھیلوں کے فروغ سے ان کے ادارے کا کوئی تعلق نہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12arihassnmhkahkahks.png