مسجد نبوی میں پیش آئے واقعے میں عمران خان ملوث نہیں، ٹک ٹاکر حریم شاہ

11hareemshahkhansupportbian.jpg

سوشل میڈیا کی متنازع شخصیت حریم شاہ نے کہا ہے کہ مسجد نبویﷺ میں پیش آنے والے واقعے میں سابق وزیراعظم عمران خان ملوث نہیں ہیں، وہ عاشقِ رسولﷺ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسی جگہ پر موجود تھیں، سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا۔

حریم شاہ نے مدینہ منورہ میں نجی ٹی وی چینل کو دیے انٹرویو میں کہا کہ جس وقت مسجد نبویﷺ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا وہ وہیں موجود تھیں، اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، اس جگہ تو ہمیں ہماری آوازیں پست رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ نئی حکومت کے لیے عوام کے دلوں میں شدید غم و غصہ ہے جب حکومتی وفد مسجد نبوی پہنچا تو وہاں موجود قافلے نے اپنے غصے کا اظہار کیا جوکہ غلط تھا۔ اب یہ کہا جارہا ہے وہ قافلہ عمران خان نے بھیجا تھا اور اس سارے واقعے کے پیچھے بھی عمران خان کا ہی ہاتھ تھا جبکہ یہ جھوٹا الزام ہے۔


حریم شاہ نے کہا کہ عمران خان عاشقِ رسولﷺ ہیں، وہ کبھی اس طرح کی گھٹیا حرکت میں ملوث نہیں ہوسکتے۔ سابق وزیراعظم عمران خان سچے لیڈر ہیں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں مسجد نبویﷺ میں سیاسی مخالفت کے جنون میں مذہبی تقدس کی پامالی کی گئی تھی۔ حکومتی وفد کی مسجد نبوی پہنچنے کے موقع پر بعض افراد کی جانب سے کابینہ اراکین کے خلاف نعرے بازی کی گئی جس پر ہر شعبہ ہائے زندگی کی جانب سے مذمت کی جا رہی ہے۔