منصور علی شاہ کو چیف جسٹس بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا، جے یو آئی
جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت نے میٹنگز کے دوران یقین دہانی کرائی تھی کہ جسٹس منصور علی شاہ کو چیف جسٹس بنایا جائے گا، لیکن بعد میں یہ فیصلہ تبدیل کر دیا گیا۔ جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے ایک بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت حکومتی جماعتیں سنیارٹی کے اصول کو برقرار رکھنے پر متفق تھیں، مگر کمیٹی میں جا کر فیصلے کیوں بدلے گئے؟ اس بارے میں حکومت سے جواب طلب کیا جانا چاہیے۔
جے یو آئی ف کے ترجمان نے مزید کہا کہ اس وقت ہمیں اگر صدر پاکستان کا عہدہ بھی پیش کیا جائے، تو ہم قبول نہیں کریں گے۔ عہدوں کے حوالے سے افواہیں وہ پھیلا رہے ہیں جو مولانا فضل الرحمٰن کی عزت اور ان کے پل کا کردار ادا کرنے سے ناخوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نمبرز کم کیے گئے ہیں، اور یہی بات دوستوں سے ناراضی کی وجہ ہے، مگر جب ہمارے پاس نمبرز ہوں گے تو بہت کچھ ممکن ہوگا۔
ترجمان اسلم غوری نے مولانا فضل الرحمٰن کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے حکومت کو واضح طور پر کہا تھا کہ اگر لوگوں کو غائب کرنا بند نہ کیا گیا تو وہ حکومت کا ساتھ نہیں دیں گے۔ ہمارا بھی ایک سینیٹر غائب ہوا ہے، لیکن اگر آئینی ترمیم نہ کی جاتی تو فوجی عدالتوں اور دیگر خطرناک شقوں کے باعث بڑا نقصان ہوتا۔ جو لوگ آج اس معاملے پر شور مچا رہے ہیں، وہی کل فوجی عدالتوں میں کھڑے ہوتے۔
ترجمان نے کہا کہ جاتی امرا میں ہونے والی میٹنگ میں فوجی عدالتوں کو دوبارہ فعال کرنے اور خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فوج کے اختیارات میں اضافے پر زور دیا گیا تھا۔ تاہم، جے یو آئی نے اس وقت کہا تھا کہ اداروں کو اتنا مضبوط نہ کریں کہ جمہوریت کا کوئی حصہ باقی نہ بچے۔ گزشتہ بیس سالوں میں کئی فوجی آپریشنز ہو چکے ہیں، مگر کوئی مثبت نتائج سامنے نہیں آئے۔
جے یو آئی کے ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت نے آخری رات کابینہ میں ایک مسودہ پیش کیا، جس میں پارلیمان کو سپریم کورٹ کے فیصلے کالعدم کرنے کا اختیار دینے کی کوشش کی گئی۔ حالانکہ اس فیصلے سے خصوصی نشستیں ہمیں ملتیں، مگر ہم نے اس ترمیم کی مخالفت کی اور آئینی بینچ کی سربراہی سے متعلق شق کو بھی نکلوایا۔ فوجی عدالتوں اور ہائی کورٹ ججوں کے تبادلے کی شق کو ختم کرانے میں بھی ہم نے اہم کردار ادا کیا۔
ترجمان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ واضح کرے کہ منصور علی شاہ کو چیف جسٹس بنانے کا وعدہ کیوں پورا نہیں کیا گیا اور کمیٹی میں جا کر اس معاملے پر فیصلہ کیوں تبدیل ہوا؟
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/mansor.jpg