موبائل نیٹ ورک کمپنیاں نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کیلئے مان گئیں

17mobilwwaymaana gayys.png

نان فائلرز ہوشیار ہوجائیں، ٹیلی کام کمپنیوں نے 5 لاکھ سے زائد نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کیلئے رضامندی کا اظہار کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ٹیلی کام کمپنیوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے چیئرمین کو ایک سے ڈیڑھ ہفتے میں 5 لاکھ 6 ہزار سے زائد نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور ٹیلی کام کمپنیوں کے عہدیداران کے درمیان ملاقات کے بعد سامنے آئی، ملاقات میں کمپنیوں نے نان فائلرز شہریوں کی موبائل سمز بلاک کرنے کی ہامی بھری۔

کمپنیوں کے نمائندوں نے چیئرمین ایف بی آر کے سامنے موقف اپنایا کہ ٹیلی کام کمپنیاں ملکی قوانین کی مکمل طور پر پاسداری کرتی ہیں، تمام نان فائلرز شہریوں کو اپنے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کروانے کیلئے پیغامات بھیجے جائیں گے۔

کمپنیوں کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ جیسے ہی کوئی شہری اپنے گوشوارے جمع کروانے کے بعد ایف بی آر سے کلیئرنس حاصل کرلے گا اس کی موبائل سم ایکٹیو کردی جائے گی، آئندہ چند روز میں نان فائلرز کی سمز بلاک ہونے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔