
لنگڑی لولی ن لیگ کا وزیراعظم میرا سہارا لے کر ایک بار پھر سے اقتدار میں آ رہا ہے: سابق وزیر
سابق وزیر برائے آبی ذخائر و رکن قومی اسمبلی فیصل واڈا کا کہنا ہے میری پگڑی اچھالنے اور مجھ پر جرمانہ عائد کرنے والا کا احتساب سود سمیت ہو گا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ مجھ پر صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کے احسان کے علاوہ کسی کا احسان نہیں! فیصلہ کرنے والوں نے میری ماں جو اب اس دنیا میں نہیں رہی (اللہ جنت نصیب کرے) کی بیماری کے دوران میری پگڑی اچھالی اور مجھ پر جرمانہ عائد کیا۔
https://twitter.com/x/status/1743203756823449914
انہوں نے کہا کہ میری پگڑی اچھالنے اور مجھ پر جرمانہ عائد کرنے والا کا احتساب سود سمیت ہو گا چاہے اس کے لیے مجھ اگلے 20 سال تک کیوں نہ انتظار کرنا پڑے۔ میں اللہ تعالیٰ کا ایک بار پھر سے شکر ادا کرتا ہوں کہ فیصل واڈا کے کندھوں پر رکھ کر میاں محمد نوازشریف اور دیگر سیاستدان ماشاء اللہ سے انتخاب لڑنے کیلئے اہل ہونے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں پیشگی مبارکباد دیتا ہوں کہ لنگڑی لولی مسلم لیگ ن کا وزیراعظم اسی فیصل واڈا کے کندھے کا سہارا لے کر ایک بار پھر سے اقتدار میں آ رہا ہے۔ کہیں پر تیر، کہیں پر نشانہ، اتنی جلدی تو تندور سے نان تیار نہیں ہوتا جتنی جلدی اس کام کی پڑی ہوئی ہے۔ واہ کیا کمال ملک ہے!
واضح رہے کہ فیصل واڈا وزیر برائے آبی ذخائر رہ چکے ہیں جنہیں امریکی شہریت چھپانے کی وجہ سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔ بعدازاں 27 اکتوبر2022 ء کو نجی ٹی وی چینلز پر پاکستان تحریک انصاف کے خلاف پریس کانفرنس کرنے پر انہیں پہلے عمران خان نے پہلے شوکاز نوٹس دیا اور جواب نہ آنے پر 29 اکتوبر2022 کوپارٹی سے نکالنے کا اعلان کردیا تھا۔
چیف چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی کے حوالے سے کیس میں ریمارکس دیئے کہ پارلیمنٹ نے مدت نہیں لکھی تو تاحیات نااہلی کیوں؟ مدت 2 سال کیوں نہیں کی گئی؟ کسی کو تاحیات نااہل کرنا اسلام کےخلاف ہے، توبہ کا راستہ خدا نے بند نہیں کیا تو عدالت کیسے کرسکتی ہے؟ کیس کی سماعت کے دوران فیصل واڈا کیس کے فیصلے کی بازگشت بھی سنائی دی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11vwaaehsab.png