
سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں تشدد کے بعد قتل ہونے والے سری لنکن فیکٹری مینجر کے سابق ساتھی ورکر نے جذباتی ہوکر سوشل میڈیا پر اپنے تاثرات کا اظہار کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر عبدالرحمان نامی ایک صارف نے پوسٹ کی اور کہا کہ میرے لیے اس وقت کچھ بھی لکھنا بہت مشکل ہے، مجھے گزشتہ روز پتا چلا کہ پریانتھا کمارا کو قتل کردیا گیا ہے، میں نے ان کے ساتھ تقریبا ڈیڑھ سال کام کیا ہے اور میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
عبدالرحمان نے کہا کہ میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے، ایمانداری، سچائی، ادارے اور کام کے ساتھ سچی لگن اور سخت محنت ، یہ وہ خوبیاں ہیں جو میں نے اپنے رہنما، میرے استاد اور میرے باس سے سیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کام سے محبت کرتے تھے اور لوگ ان کے نیچے کام کرنا پسند نہیں کرتے تھے، مگر کسی کے ساتھ ایسا رویہ رکھنا کہ اسے قتل ہی کردیا جائے مسئلے کا حل نہیں ہے، جس کو ان سے مسئلہ ہے وہ ادارہ چھوڑ سکتا ہے یا متعلقہ ڈیپارٹمنٹ سے شکایت کرسکتا ہے۔
سری لنکن فیکٹری مینجر کے ساتھی ورکر نے اپنی پوسٹ کے آخر میں کہا کہ میں پریانتھا کمارا کے قتل کی پرزور مذمت کرتا ہوں اور میں شرمندہ ہوں کہ ہم آپ کیلئے کچھ نہیں کرسکے، بحیثیت قوم ہم اس عمل پر نادم ہیں۔
Last edited by a moderator: