
مالاکنڈ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے چیف سکیورٹی افسر وکیل خان جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 بچے شدید زخمی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضلع مالاکنڈ تحصیل درگئی کے علاقے ہریان کوٹ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے سکیورٹی سکواڈ انچارج وکیل خان پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس میں ان کے ایک ساتھی بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ افسوسناک واقعے میں 2 بچے بھی شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب انسپکٹر وکیل خان اپنے ایک ساتھی اور بچوں کے ساتھ موٹرسائیکل پر اپنے گھر کی طرف جا رہے تھے کہ موٹرسائیکل نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ لاشوں اور زخمیوں کو درگئی ہسپتال منتقل کرنے کے بعد مالاکنڈ لیویز نے مقدمہ درج کر کے علاقے کے داخلی وخارجہ راستوں کو سیل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ہریان کوٹ کے مقامی شہریوں نے افسوسناک واقعہ کے خلاف درگئی بازار میں شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کرتے رہے، مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزموں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ مالاکنڈ لیویز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزموں کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے اور جگہ جگہ چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد وکیل خان کے بھائی مالاکنڈ لیویز میں صوبائیدار (ر) سعید اللہ یہ صدمہ برداشت نہ کر سکے اور دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ علاوہ ازیں نگران وزیرالیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے مالاکنڈ لیویز کو واقعے کی تحقیقات کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملزموں کو جلد سے جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/kah11h2hh45.jpg
Last edited: