
پارلیمانی کمیٹی کو مقررہ معیاد کے اندر مبینہ آڈیو لیک کی تحقیقات مکمل کرنی چاہیے: شاہدہ اختر علی
ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت آج ہونے والے اجلاس میں سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک کے حوالے سے تحقیقات کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران قرارداد جمعیت علمائے اسلام ف کی رکن قومی اسمبلی شاہدہ اختر علی نے پیش کرتے ہوئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
شاہدہ اختر کا قرارداد میں کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان ثاقب نثار کے بیٹے نجم الثاقب کی مبینہ آڈیو لیک ہوئی ہے جس میں کی فرانزک تحقیقات کی جانی چاہئیں۔ اس ایوان کو خصوصی پارلیمانی کمیٹی قائم کرنی چاہیے جو سابق چیف جسٹس کے بیٹے نجم الثاقب کی مبینہ آڈیو کے حوالے سے تحقیقات کرے۔ قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ہے۔
شاہدہ اختر علی کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی کو مقررہ معیاد کے اندر مبینہ آڈیو لیک کی تحقیقات مکمل کرنی چاہیے۔ ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب سے تحقیقات کرنے کیلئے متعلقہ اداروں سے تعاون لیا جائے اور اس مبینہ آڈیو کا فرانزک کروایا جائے۔ پارلیمانی کمیٹی کے ممبران اور قواعدوضوابط (ٹی او آر) بھی طے کیے جانے چاہئیں۔
یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار کے بیٹے نجم الثاقب کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ پاکستان تحریک انصاف کے پی پی 137 سے امیدوار ابوذر چدھڑ سے پارٹی ٹکٹ دینے اور پیسے لینے دینے کی گفتگو کر رہے تھے۔ مبینہ آڈیو سامنے آنے کے بعد سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی طرف سے اپنے بیٹے نجم الثاقب کی آواز کی تصدیق کر دی تھی جبکہ تحریک انصاف نے تحقیقات کیلئے پارٹی کمیٹی بنا دی تھی۔