نجی معلومات پبلک کرنے پر شوبز ستاروں کے فیروز خان کو پے درپے نوٹس

ferozh1h11.jpg


اداکار فیروز خان کی جانب سے حال ہی میں ساتھی فن کاروں کے خلاف ہتکِ عزت کا قانونی نوٹس سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا گیا جس کے بعد معروف اداکارہ کیخلاف ایک نئے تنازع نے جنم لے لیا ہے۔

اس نوٹس میں اداکاروں کے ناموں کے ساتھ ساتھ ان کے فون نمبرز اور گھر کا پتا بھی درج تھا۔ فیروز خان نے دستاویزات شیئر کرنے کے کچھ دیر بعد ہی اسے اپنے اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کر کے دوسرا نوٹس پوسٹ کیا جس میں سے تمام نمبرز اور تفصیلات ہٹا دی گئی تھیں۔

تاہم پوسٹ ڈیلیٹ ہونے سے قبل ہی اس کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئے تھے۔ اداکار کے اس اقدام پر ساتھی فن کاروں سمیت سوشل میڈیا پر فیروز خان کو شدید تےتنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جب کہ اداکار منیب بٹ نے تو ان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے میں شکایت بھی درج کرا دی ہے۔

فیروز خان کی پوسٹ کے ذریعے جن فنکاروں کی ذاتی معلومات لیک ہوئیں ان میں ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے، اداکار عثمان خالد بٹ، فرحان سعید، عاصم اظہر، یاسر حسین، ثروت گیلانی، اداکار و ہدایت کار مصدق ملک، اداکارہ ایمن خان، منال خان، میرا سیٹھی بھی شامل ہیں۔

گلوکار فرحان سعید نے فیروز خان کے قانونی نوٹس پر جوابی نوٹس بھیجا جس میں ان کے وکیل نے لکھا کہ اداکار کے موکل کے پاس فیروز خان کی نجی زندگی اور اس کے مسائل کے لیے وقت نہیں ہے، اگر فیروز خان نے بے بنیاد الزامات لگانے پر تین روز میں ان کے موکل سے معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

اداکارہ ایمن خان کے شوہر اداکار منیب بٹ نے بھی فیروز خان کے اقدام کے خلاف ایف آئی اے میں شکایت درج کی ہے۔ اداکار یاسر حسین اور ثروت گیلانی نے بھی اس معاملے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

یاسر حسین نے نمبر لیک ہونے کے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جب کہ ثروت گیلانی نے بھی اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر ان مسڈ کالز کی تصویر شیئر کیں جو ان کا نمبر آؤٹ ہونے کے بعد انہیں مسلسل موصول ہو رہی تھیں۔

ثروت گیلانی نے کہا کہ فیروز خان کی جانب سے فن کاروں کی نجی معلومات کو قانونی نوٹس بھیجنے کی آڑ میں سوشل میڈیا پر شیئر کرنا انتہائی افسوس ناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔