ندا یاسر کے مارننگ شو میں فارمولا ون والے سٹوڈنٹ کا ویڈیو پیغام

369259_9963601_updates.jpg


گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر ایک کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں معروف مارننگ شو کی میزبان ندایاسر پروگرام میں شریک مہمانوں سے ان کی ایجاد کردہ فارمولا ون کار سے متعلق سوال جواب کر رہی ہیں۔

ندا یاسر کو اس کار سے متعلق کوئی معلومات نہیں ہوتیں مگر وہ پھر بھی اوٹ پٹانگ سوال کر کے پروگرام کو آگے بڑھاتی رہتی ہیں۔ میزبان کے اس طرح کے سوالوں کے باعث سوشل میڈیا صارفین ندا یاسر کے خوب لتے لے رہے ہیں۔

اب اسی پروگرام میں شامل مہمان جو فارمولا ون کار کے پاکستان میں مؤجد کے طور پر جانے جاتے ہیں کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا ہے جس میں وہ اس پروگرام کی حقیقت بیان کر رہے ہیں۔ پروگرام میں شامل دونوں انجنیئرنگ کے طلبا میں سے ایک کا نام شارق وقار تھا جس کا ویڈیو پیغام انسٹاگرام پر وائرل ہو رہا ہے۔

شارق وقار نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان میں فارمولا الیکٹرک کار پر صرف میں اور میری ٹیم کام کررہی ہے جب کہ وائرل ویڈیو 5 سال پرانی ہے اور یہ بات درست ہے کہ میزبان نے ہمیں بلانے سے پہلے اپنا ہوم ورک نہیں کیا تھا جس کی وجہ سے انہیں اس پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

شارق وقار نے کہا کہ میں تمام پاکستانیوں اور خاص طور پر میمز بنانے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ایک بار پھر ہمیں وائرل کیا تاہم کچھ لوگوں نے اس ویڈیو کی وجہ سے ندا یاسر پر ذاتی حملے بھی کیے جس کی میں بھرپور مذمت کرتا ہوں۔


شارق کا اپنی ویڈیو میں کہنا ہے کہ میں یا میری ٹیم ایسی کسی بھی پوسٹ کی حمایت نہیں کرتے جس میں کسی کی ذاتی زندگی کو نشانہ بنایا گیا ہو۔ میمز بنانا اچھی بات ہے کیوں کہ یہ سوشل میڈیا پر تفریح کا ذریعہ ہے لیکن اس کے ذریعے کسی کی دل آزاری کرنا مناسب نہیں اور ہماری اس کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارتی میڈیا نے اس کا مذاق اڑایا جس سے پاکستان کی بدنامی ہوئی۔


کسی بھی پوسٹ پر منفی کمنٹ کرنے سے گریز کریں کیوں کہ اس سے ہمارا ہمسایہ میڈیا معاملے کو دوسرا رخ دینے میں دیر نہیں کرتا۔ ہمارا مقصد صرف پاکستان کا نام روشن کرنا ہے لہذا آپ لوگ بھی اپنے ملک کا نام روشن کریں اور جو لوگ ندا یاسر کی ویڈیو پر تمام حدیں پار کررہے ہیں ، ان سے میں درخواست کروں گا کہ وہ ایسا نہ کریں اور گالم گلوچ سے پرہیز کریں۔
 
Last edited: