
سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے ایک ہفتے کے اندر نسلہ ٹاور کو گرانے کے حکم پر اخبارات میں اشتہار دیدیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق کمشنر کراچی نے سپریم کورٹ کے حکم پر دھماکہ خیز مواد سے نسلہ ٹاور کو گرانےکیلئے تجربہ کار کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کیلئے اخبارات میں اشتہار دیدیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اخبارات میں شائع ہونے والے اشتہارات میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے گنجان آباد علاقے میں واقع 15 منزلہ نسلہ ٹاور کو دھماکہ خیز مواد کی مدد سے گرانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی حامل تجربہ کار کمپنیوں کی خدمات درکار ہیں، خواہش مند کمپنیاں تین روز میں کمشنر کراچی کے دفتر رابطہ کریں۔
اشتہار میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے محفوظ طریقے سے عمارتوں کو گرانے کی تجربہ کار کمپنی کو ترجیح دی جائے گی۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں نسلہ ٹاور میں لگائے گئے بجلی، پانی اور گیس کے تمام کنکشنز گزشتہ روز سے منقطع کردیئے گئے اور مکینوں کو بدھ کی شام تک عمارت کو خالی کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی گئی تھی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل 25 اکتوبر کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نسلہ ٹاور کو ایک ہفتے کے اندر اند گرانے کا حکم جاری کیا تھا۔
عدالت نے نسلہ ٹاور کو اب تک گرائے نہ جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی کو رعایت نہیں ملے گی بتایا جائے اب تک عمارت کیوں نہیں گرائی گئی؟ عمارت کو ایک ہفتے کے اندر گرایا جائے اور کمشنر کراچی عمارت کے ملبے کو اٹھانے کا انتظام کریں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/8nasla.jpg