نگراں وزیراعظم کی دوڑ میں کون کون شامل،10نام سامنے آگئے

shahid-khaqan-abbasi-nigram-pm-names.jpg


نگراں وزیراعظم کے لیے دس نام سامنے آگئے، نگراں حکومت کے قیام کے لئے مشاورت حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہے، اتحادی جماعتوں نے نگران وزیراعظم کا فیصلہ شہباز شریف کے حوالے کردیا، جب کہ اپوزیشن جماعتیں بھی مشاورت کررہی ہیں،

نگراں وزیراعظم کے ناموں پر مشاورت کے لئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کا اجلاس ہوا، جس میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، آفتاب شیرپاؤ اور احمد وناز جدون شریک ہوئے۔

اجلاس میں نگران وزیراعظم کے ناموں پرمشاورت کی گئی، اسی دوران نگران سیٹ اپ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے،ذرائع کے مطابق اجلاس میں نگران وزیراعظم کے لئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار، سابق گورنر عشرت العباد، سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد، بلوچستان سے جسٹس شکیل بلوچ اور اسلم بھوتانی کے ناموں پر غور کیا گیا، مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دو روز پہلے خبر زیر گردش تھی کہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی نگراں وزیراعظم کے مضبوط امیدواروں میں شامل ہوگئے ہیں، جام کمال کے عمرے کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب میں ہونے کی وجہ سے تصدیق نہیں ہوسکی تھی، تاہم ان کے قریبی ساتھیوں نے ”آج نیوز“ کو تصدیق کی تھی کہ یہ درست ہے کہ جام کمال کو نگران وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کی پیشکش ہے اور ان سے رابطے کی کوشش کی گئی ہے، لیکن سابق وزیراعلیٰ یہ عہدہ قبول نہیں کریں گے۔

باوثوق ذرائع نے بتایا تھا نگران وزیراعظم کے لئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار، خلیل رمدے، سابق وزیراعظم شاہد خاقان اور سابق گورنر سندھ محمد میاں سومرو بھی مضبوط امیدوار ہیں، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی شاہد خاقان عباسی کا بطور نگران وزیراعظم نامزد ہونے کی قوی امید ظاہر کی ہے، اور ساتھ ہی سابق وزیرخزانہ حفیظ شیخ کا بھی نام سامنے لائے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ یہ میری معلومات نہیں بلکہ سیاسی تجزیہ ہے، کہ آنے والا عبوری وزیر اعظم سندھ یا پنجاب سے ہوگا۔

عمران اسماعیل کے مطابق نگران وزیراعظم کے لئے پنجاب سے شاہد خاقان ممکنہ اور مضبوط امیدوار ہو سکتے ہیں، اور سیاسی حلقوں کو بھی قابل قبول ہو سکتے ہیں۔ جب کہ حفیظ شیخ جوکہ آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی اداروں میں مقبول ہیں اور فائنینشل مینجمنٹ کا تجربہ بھی رکھتے ہیں ایک مضبوط امیدوار کی صورت میں سامنے آسکتے ہیں،سابق گورنر سندھ نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا مجھے کسی بھی صورت عام انتخابات وقت پر ہوتے نظر نہیں آتے، اور لگتا ایسا ہے کہ آنے والی عبوری حکومت کا قیام لمبا ہوگا۔

نگراں وزیر اعظم کے لیے سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم شہباز شریف کا امیدوار کون ہوگا، اس راز کا اعلان وہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے حتمی مشاورت کے بعد کریں گے، اگلے ہفتے کے وسط میں شہباز کی جانب سے قومی اسمبلی کی تحلیل کے لیے مشورہ دینے سے قبل مشق مکمل کر لی جائے گی۔