
قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے القادر ٹرسٹ اسکینڈل کا ٹائٹل چینج کرکے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ایک بار پھر طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے عمران خان کے خلاف القادر ٹرسٹ اسکینڈل کا نام نیشنل کرائم ایجنسی190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل میں تبدیل کرتے ہوئے عمران خان کو 18 مئی کو طلب کرلیا ہے، نیب کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں عمران خان کو کیس سے متعلق تمام دستاویزات ہمراہ لانے کی ہدایات کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں نیب نے عمران خان کو رینجرز کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا، عمران خان کی عدالت کے احاطے سے گرفتاری پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے اور اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی شدید برہمی کا اظہار کیا۔
ایک طرف ملک بھرمیں شروع ہونے والے مظاہروں میں مشتعل گروہوں نے سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانا شرو ع کیا تو دوسری طرف حکومت نے ملک بھر سے پی ٹی آئی کے مرکزی و مقامی قائدین اور سرکردہ کارکنان کو گرفتار کرنا شروع کردیا۔
بعد ازاں القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو ضمانت مل گئی تاہم عدالت نے عمران خان کو اس کیس میں شامل تفتیش ہونے کی ہدایات جاری کیں۔
خیال رہے کہ القادر ٹرسٹ کیس القادر یونیورسٹی کیلئے زمین کے غیر قانونی حصول کا معاملہ ہے جس کیلئے نیشنل کرائم ایجنسی برطانیہ کے ذریعے 190 ملین پاؤنڈ کی غیر قانونی وصولی سے فائدہ اٹھایا گیا ، نیب نے اس کیس کی انکوائری کے دوران عمران خان اور ان کی اہلیہ کو نوٹسز جاری کیے مگر یہ دونوں نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/10NABhdjchekjcjkddjkdjk.jpg