Kashif Rafiq
Prime Minister (20k+ posts)

یہ واضح نہیں ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے کون الیکشن لڑ سکے گا اور کون نہیں؟ پی ٹی آئی کے بہت سے عہدیدار منظر عام سے ہی غائب ہیں، ابھی کل ہی حماد اظہر کو پنجاب کا صدر بنایا گیا ہے لیکن وہ کہاں موجود ہیں کسی کو علم نہیں، ٹکٹیں تقسیم کرنے میں پنجاب کے صدر کا اہم کردار ہوتا ہے، ان کی غیرموجودگی میں یہ کام کون کرے گا کسی کو علم نہیں۔ تحریک انصاف کا پارلیمانی بورڈ کون سا ہوگا، اس کے اجلاس کب ہوں گے، ٹکٹ لینے والے کہاں اپلائی کریں گے۔ یہ سارے وہ سوال ہیں جن کا فی الحال کوئی جواب نہیں مل رہا۔
اب تو ایسا لگ رہا ہے کہ لوگ کاغذات نامزدگی جمع کروا کے ہی پی ٹی آئی کی ٹکٹ کے لئے رجوع کریں گے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ تحریک انصاف کے حوالے سے یہ غیر یقینی صورتحال الیکشن تک اسی طرح برقرار رہے گی۔ جس سے تحریک انصاف کیلئے اپنی، ووٹ کی طاقت کا بھرپور استعمال مشکل سے مشکل تر بنا دیا جائے گا۔
اب جبکہ الیکشن ہونے جا رہے ہیں تو ریاستی ادارے نئے سرے سے نتائج کے حوالے سے اندازے لگا رہے ہیں،ان اندازوں کے مطابق ن لیگ پنجاب کی 141 نشستوں میں سے زیادہ سے زیادہ 80 سے 90 سیٹیں جیتے گی۔ جبکہ ادارے کا اندازہ ہے کہ اگر ووٹ کم پڑےتب بھی ن لیگ 60 سے 70 نشستیں جیت لے گی۔ اسی طرح لاہور کی 14 میں سے 8 نشستوں پر ن لیگ کی پوزیشن مضبوط ہے جبکہ 6 نشستوں پر پی ٹی آئی کا ووٹ بینک مشکلات پیدا کرے گا۔
ایک ادارے کا خیال ہے کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے بعد ن لیگ جب انتخابی مہم میں اترے گی تو دیہات کے وہ دھڑے جو تحریک انصاف سے مایوس ہوں گے وہ بھی ن لیگ کا ساتھ دیں گے، یوں آنے والے دنوں میں نون کا ووٹ بڑھنے کا امکان ہے۔
تحریک انصاف کا شہری ووٹر کیا کرے گا؟ اس بارے میں ادارے ابھی کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچے۔ بہت سوں کا خیال ہے کہ خوف اور ناامیدی کی وجہ سے ووٹروں کی بڑی تعداد گھروں سے نہیں نکلے گی جبکہ کئی افراد یہ رائے دے رہےہ یں کہ پی ٹی آئی کا ناراض ووٹر الیکشن کے انتظار میں ہے اور وہ اس دن قطار اندر قطار نکل کر سب کو حیران کردے گا۔
خیال ظاہر کیا جارہا ہےکہ اگر پولنگ ریٹ 45 سے 50 فیصد ہوا تو ن لیگ جیت جائے گی لیکن اگر پولنگ ریٹ 60 سے 70 فیصد ہوگیا تو اس کا مطلب ہوگا کہ پی ٹی آئی کا نوجوان ووٹر باہر نکل آیا ہے اور پھر شہروں کے نتائج پی ٹی آئی کے حق میں ہوں گے۔
دنیا کا ہر الیکشن کچھ نہ کچھ تبدیلی ضرور لاتا ہے، 8 فروری کا الیکشن بھی پاکستانی سیاست اور ریاست میں تبدیلی لے کر آئے گا۔ توقع یہ کرنی چاہیے کہ انتخابات میں ایسی لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جائے کہ الیکشن نتائج سب کیلئے قابل قبول ہوں، نتائج قبول ہوں گے تو اگلی حکومت چل سکے گی وگرنہ ماضی کی طرح دھاندلی زدہ اسمبلی اور دھاندلی زدہ حکومت کا الزام چلتا رہے گا۔
نہ کوئی لاڈلا ہونا چاہیے اور نہ کوئی سوتیلا، سب اس قوم کے بیٹے ہیں، سبھی کو برابری اور انصاف ملنا چاہیے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/K5q9Xds/suh1i11l1.jpg