
لاہور سے تعلق رکھنے والے عبدالاحد کی جانب سے اپنی والدہ کی شادی کروانے اور اس کی تصاویر و ویڈیوز انسٹاگرام پر شیئر کرنے کے بعد ان کی بھرپور تعریف کی جا رہی ہے۔
عبدالاحد نے اپنی والدہ کی شادی کے موقع پر ایک خوبصورت پیغام دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ نے 18 سال تک ان کی پرورش، تعلیم اور بہتر مستقبل کے لیے اپنی زندگی کے خواب قربان کیے۔ اب جب کہ وہ خودمختار اور ذمہ دار ہو چکے ہیں، تو یہ ان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی والدہ کو ان کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دیں۔
عبدالاحد کی شیئر کردہ ویڈیوز میں نکاح اور دیگر شادی کی رسومات کے مناظر بھی شامل ہیں، جن میں وہ اپنی والدہ کے ہمراہ نظر آتے ہیں۔ ایک پوسٹ میں انہوں نے دلہن کے لباس میں اپنی والدہ کے ساتھ تصویر شیئر کی اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے فیصلے کو سراہا اور مبارکباد کے پیغامات بھیجے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کے اس فیصلے پر لوگ اتنا مثبت ردعمل دیں گے۔ انہوں نے والدہ کی خوشی اور ان کی آزادی کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا۔
خاتون نے بھی دوسری شادی کی سپورٹ کرنے پر اپنے بچوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا ' میرے پیارے بچوں، آپ سب کا دل سے شکریہ۔ آپ میری ہمیشہ سے طاقت، سہارا، اور سب سے بڑی نعمت رہے ہیں۔ جب بھی مجھے شک ہوا کہ یہ فیصلہ میری زندگی میں کوئی بہتری لا سکتا ہے یا نہیں، آپ نے میرے ساتھ کھڑے ہو کر یقین دلایا کہ چاہے کچھ بھی ہو، آپ ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گے، جیسے آپ ہمیشہ سے رہے ہیں۔
آپ نے میری زندگی میں کبھی میرا ساتھ نہیں چھوڑا، ایک لمحے کے لیے بھی نہیں، اور اس کے لیے میں آپ کی بے حد شکر گزار ہوں۔ آپ کو دیکھ کر، میرے خوبصورت بچوں، کہ آپ نے اس فیصلے کو گلے لگایا اور اس کا جشن منایا، جسے اکثر ہماری سوسائٹی میں خودغرضی سمجھا جاتا ہے، میرا دل سکون اور شکر گزاری سے بھر جاتا ہے۔
آپ کی محبت، سمجھداری، اور خوشی کو دیکھ کر کہ میں نے یہ قدم اٹھایا، مجھے دوبارہ محبت پر یقین کرنے کی ہمت دی ہے۔ میں آپ سب پر بے حد فخر کرتی ہوں کہ آپ کس قدر حیرت انگیز انسان بن چکے ہیں۔ آپ مہربان، نرم دل، اور بے حد شفیق ہیں، اور آپ ہی کی وجہ سے مجھے یہ موقع لینے کی ہمت ملی، دوبارہ محبت پر یقین کرنے کی طاقت ملی۔
آپ ہی میری زندگی کی خوبصورتی اور دوسرا موقع پانے کی امید کی وجہ ہیں۔ ماں کو آپ سب پر بہت فخر ہے، میرے قیمتی بچوں۔ ماں آپ سے ان الفاظ سے زیادہ محبت کرتی ہے جو میں کبھی بیان کر سکوں۔ میری زندگی میں روشنی بننے کے لیے شکریہ!'

سوشل میڈیا پر صارفین نے عبدالاحد کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے واقعی بیٹے ہونے کا حق ادا کر دیا۔ ان کے فیصلے کو ایک بہترین مثال کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے کہ کس طرح اولاد والدین کی خوشیوں کو ترجیح دے سکتی ہے۔ عبدالاحد اور ان کی والدہ کے چہروں پر نظر آنے والی خوشی اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ حقیقی خوشی دوسروں کو خوش دیکھنے میں ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/2waldajishadi.png