
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر سید توقیر شاہ نےعہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے، انہوں نے ورلڈ بینک میں ذمہ داری ملنے پر پرنسپل سیکرٹری کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری سید توقیر شاہ نے ورلڈ بینک میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے کیلئے پرنسپل سیکرٹری کے عہدے سے استعفیٰ دیا، وزیراعظم نے استعفیٰ قبول کرلیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے سید توقیر شاہ کا استعفیٰ منظور کیے جانے سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے عہدے چھوڑنے سے قبل ایک ماہ کے پیشگی نوٹس کی لازمی شرط کو معاف کردیا ہے، وزیراعظم نے اس معاملے میں ایک ماہ کے نوٹس کی شرط میں نرمی کی ہے
نوٹیفکیشن کے مطابق سید توقیر شاہ کے استعفیٰ کا اطلاق31 اکتوبر2023 سے ہوگا، ڈاکٹر توقیر شاہ ورلڈ بینک میں بطور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نوید کامران بلوچ کی جگہ لیں گے اور 4 سال کیلئے ورلڈ بینک میں عہدہ سنبھالیں گے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں سید توقیر شاہ کی تقرری کا معاملہ بھی زیر سماعت ہے، اس کیس میں وفاقی حکومت کو نوٹس بھی جاری کیا جاچکا ہے، کیس میں درخواست گزا ر نے ڈاکٹر توقیر شاہ کی تقرری کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ سید توقیر شاہ سابق وزیراعظم کے خاص ساتھی رہے ہیں اسی لیے انہیں مبینہ طور پر میرٹ اور قانونی عمل کے برخلاف ورلڈ بینک میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/15touqwywysjahawb.png