وزیراعظم ریلیف پیکیج کب شروع ہوگا؟کون فائدہ اٹھاسکتا ہے؟مشیرخزانہ نے بتادیا

pm-relief-package123.jpg


وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے ریلیف پیکج کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ 15 دسمبر سے اس ریلیف پیکج پر عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ شوکت ترین نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ ریلیف پیکج کے تحت ملک کے 7 لاکھ کریانہ اسٹورز کو کور کریں گے جہاں عوام کو سستی اشیاء دستیاب ہوں گی، آٹے ، دال سمیت دیگر اشیائے خوردونوش پر 33 فیصد تک سبسڈی دیں گے۔


انہوں نے ریلیف پیکج کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام میں ملک کے مستحق افراد کا ڈیٹا موجود ہے، یہ مستحق افراد شناختی کارڈ کے ذریعے اشیائے خوردونوش پر سبسڈی سے مستفید ہوسکتے ہیں، ان لوگوں کو اشیائے خوردونوش پر 30 فیصد تک رہائی ملے گی، اس 30 فیصد سبسڈی کی ادائیگی حکومت کرے گی جو براہ راست دوکاندار کو ہوگی۔

انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آٹے کا تھیلا 1100 میں فروخت ہورہا ہے، مگر سندھ میں اس آٹے کے تھیلے کی قیمت 1400 سے بھی زیادہ ہے، سندھ حکومت وقت پر گندم ریلیز نہیں کرتی اور بعد میں وفاقی حکومت کی چھتری میں چھپ رہے ہوتے ہیں۔

 

Back
Top