وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو 17 جولائی کو دنگا فساد سے باز رہنے کی وارننگ دے دی۔
رانا ثنا نے کہا عمران خان الیکشن ہار چکا ہے، اب عوام سے لڑنے کی تیاری کر رہا ہے، عمران اور اس کے ٹائیگرز قانون کے دائرے میں رہیں۔
رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ ڈسکہ الیکشن والی کوئی حرکت کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔ اطلاع ملی ہے کہ پی ٹی آئی کے 500 سے زائد فسادی ضمنی الیکشن میں فسادی ارادے سے پنجاب پہنچائے گئے ہیں، حلقے سے باہر کے پولنگ ایجنٹ لگانے کی درخواست اسی سازش کا حصہ تھی
وزیر داخلہ نے مزید کہا خیبرپختونخوا کے بھائیوں کو پنجاب کے بھائیوں سے لڑانے کا پلان ہے پرویز خٹک، اسد قیصر علی محمد خان اور مراد سعید ان فسادیوں کو شیلٹر دے رہے ہیں، الیکشن کمیشن کے احکامات اور قانون کو توڑنے والوں کو قانون کی گرفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ٹائیگرز سے غنڈہ گردی کرائی گئی تو نتائج کا ذمہ دار عمران نیازی ہوگا۔ چار سال اقتدار میں عوام کو لوٹنے والوں کو 20 حلقوں کے عوام کا مینڈیٹ لوٹنے نہیں دیں گے۔
رانا ثنا نے کہا عمران کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے، 17 جولائی کو 20 حلقوں میں ووٹ کے ذریعے عوام تدفین کی رسم ادا کریں گے، کوئی بھی اگر قانون کو ہاتھ میں لے گا اور فساد کرنے کی کوشش کرے گا، صاف شفاف اور پر امن الیکشن کو یقینی بنائیں گے۔