
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے رواں مالی سال کے دوران وفاقی حکومت کی طرف سے لیے گئے قرض کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 مہینوں میں وفاقی حکومت نے 5 ہزار 242 ارب روپے قرض لیا۔
وفاقی حکومت کی طرف سے لیا گیا قرض 66 ہزار 83 ارب روپے سے بھی تجاوز کر چکا ہے جبکہ اپریل کے مہینے میں حکومت نے 709 ارب روپے کا قرضہ حاصل کیا۔
سٹیٹ بینک کی دستاویز کے مطابق مارچ 2024ء کے مقابلے میں وفاقی حکومت کے قرض میں اپریل کے مہینے میں 710 ارب روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مالی سال 2023-24ء کے 10 مہینوں میں وفاقی حکومت کے اندرونی قرض میں 5 ہزار 672 ارب روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ وفاقی حکومت کے اسی عرصہ میں غیرملکی قرضے میں 430 ارب روپے کی کمی دیکھنے میں آئی۔
سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ماہ اپریل 2024ء تک قرض 66 ہزار 83 ارب روپے تھا جس کے بعد ماہ اپریل میں حکومت نے 709 ارب روپے کا قرضہ حاصل کیا۔ مرکزی حکومت کا اپریل 2024ء تک اندرنی قرضہ 44 ہزار 481 ارب روپے اور غیرملکی قرضہ 21 ہزار 601 ارب روپے رہا۔
علاوہ ازیں سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق اوورسیز پاکستانوں کی طرف سے مئی 2024ء میں 3.24 ارب ڈالر اپنے وطن بھیجے گئے جو اپریل 2024ء کے مقابلے میں 43 کروڑ ڈالر زیادہ ہیں۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں نے مئی میں 81.9 کروڑ ڈالر بھیجے جبکہ رواں مالی سال کے 11 مہینوں کے دوران ورکرز کی ترسیلات 27.98 ارب ڈالر رہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے 11 مہینوں کی نسبت رواں برس کے 11 مہینوں کی ترسیلات میں 7.7 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔، سعودی عرب سے 11 مہینوں میں 6.6 ارب ڈالرز کی ورکرز ترسیلات آئیں۔ عرب امارات سے ماہ جولائی 2023ء سے مئی 2024ء کے دوران 4.88 ارب ڈالرز بھیجے گئے جبکہ برطانیہ سے 4 ارب، یورپ سے 3.2 ارب اور امریکہ سے بھی 3.2 ڈالر پاکستان آئے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12shehebbabqkajjsh.png