ٹینکر حادثات: گورنر سندھ کا جاں بحق افراد کے لواحقین کو پلاٹ دینے کا اعلان

1744455277447.png


گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج گورنر ہاؤس میں وہ تمام افراد موجود ہیں جن کے پیارے ڈمپرز کی ٹکر سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔


گورنر سندھ نے کہا کہ کسی کی جان کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا، نہ پیسہ، نہ پلاٹ۔ یہ ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ حادثات میں جان گنوانے والوں کے آنسو آج تک نہیں تھمے، اور کسی نے ان کے زخموں پر مرہم نہیں رکھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں قانون پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے روزانہ قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔


کامران ٹیسوری نے چیف جسٹس آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ ان کے خط پر نوٹس لیا گیا، اور سپریم کورٹ نے ان کے پرنسپل سیکریٹری سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اب متاثرین کو ضرور انصاف ملے گا اور عدالت قانون پر مکمل عمل درآمد کروائے گی۔


گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ وہ ڈمپرز کے حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو ایک ایک پلاٹ دیں گے، ان کے بچوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کا بندوبست کریں گے، اور بارہ سال تک مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔


انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ تھانے متاثرین کی ایف آئی آر درج نہیں کر رہے، جو کہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ان سانحات پر سیاست بند کی جائے اور متاثرہ افراد کے دکھوں کا مذاق نہ بنایا جائے۔ گورنر نے یہ بھی کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ خود اپنی گاڑیاں اور بنگلہ بیچ کر متاثرین کی مدد کریں گے۔


کامران ٹیسوری نے کہا کہ وہ لسانی فسادات کے سخت خلاف ہیں، اور کراچی میں اب تعلیم، صحت اور ہنر کی بات ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاست کے نام پر مزید تباہی برداشت نہیں کی جائے گی۔


ایک افسوسناک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں سڑکوں کے ساتھ کھیل کے میدان بھی غیر محفوظ ہیں، جہاں ایک ٹینکر نے گراؤنڈ میں کھیلتے ہوئے 4 سالہ بچے کو کچل دیا۔


گورنر سندھ نے کہا کہ آج گورنر ہاؤس میں ہر قومیت کے لوگ موجود ہیں، کراچی کی سینکڑوں ماؤں کے بیٹے سڑک حادثات کی نذر ہو چکے ہیں، اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ لیکن میں ان کا بھائی ہوں، میں گورنر ہوں، اور میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔
 

atensari

(50k+ posts) بابائے فورم
واہ جی واہ، مجروموں کے لئے سافٹ حکومت کا متاثرین کے لئے انقلابی اقدام
 

Back
Top