ٹیکس چور بجلی وگیس کنکشنز اور موبائل سمز بلاک ہونے سے بچ گئے

wzi1h1h34.jpg

وفاقی بورڈ آف ریونیور(ایف بی آر) نے ٹیکس چوروں کے بجلی و گیس کے کنکشنز منقطع کرنے اور موبائل فون سمز بلاک کرنے کے فیصلے کو موخر کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے نان فائلرز اور ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے ان کے بجلی و گیس کنکشنز منقطع کرنے اور موبائل فون سمز بلاک کرنے کا اعلان کیا تھا، یہ کارروائی انکم ٹیکس آرڈیننس2001 کی شق 114بی کے تحت کی جانی تھی تاہم اس کارروائی کو فی الحال موخر کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نان فائلرز کے خلاف کارروائی سے قبل انکم ٹیکس جنرل آرڈر تیار نہیں کیا جاسکا جس کےبعد یہ خدشہ تھا کہ نان فائلرز کے خلاف اقدامات کے بعد ایف بی آر کو عدالتوں اور قانونی معاملات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، لیگل معاملات کے مسائل اور ڈیٹا مکمل نا ہونے کی وجہ سے نان فائلرز کے خلاف ایکشن کو موخر کرنا پڑا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ میں فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست جاری ہونے کے بعد نان فائلرز کے خلاف کارروائی کا دوبارہ اعلان کیا جاسکتا ہے، جس میں نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے ، بجلی وگیس کے کنکشنز منقطع کرنے اور جرمانے عائد کرنے جیسی کارروائیاں کی جائیں گی