
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ عوام میں اپنی مقبولیت نہ ہونے کے باعث اس وقت انتخابات میں نہیں جانا چاہتی : سینئر تجزیہ نگار
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل جی این این کے پروگرام خبر ہے میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی وتجزیہ نگار کاشف عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو نااہل کرنے کی خبریں اسلام آباد میں ہر جگہ گردش کر رہی ہیں جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی کل کہہ دیا ہے کہ راستے پر آجائو ورنہ جو کچھ تمہارے ساتھ ہو گا اور جو کرنے والے کرینگے ہم بھی اسے نہیں روک سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک راستہ عمران خان کو نااہل کرنے اور دوسرا سابق چیئرمین ایف بی آر اور ماہر معاشیات شبر زیدی کی طرف سے 6 ماہ سے 2 سال تک کیلئے ٹیکنوکریٹس حکومت کی بات کی گئی ہے جس کے لیے جی ایچ کیو میں ملاقات ہو چکی ہے، دو دن پہلے ملاقات میں ماہر معاشیات کو بلایا گیا تھا جس میں رضا باقر اور حفیظ شیخ بھی موجود تھےاور ٹیکنوکریٹ حکومت کی بات کی گئی تھی۔
یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ سیاسی بحران کے بعد موجودہ حکومت مشکل فیصلے نہیں کر سکے گی جس کے تناظر میں ٹیکنوکریٹ حکومت کے قیام کی بات کی جا رہی ہے کیونکہ آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط پوری کرنا پڑیں گی جن میں 600 ارب روپے کے ٹیکس لگانا، بجلی،گیس اور پٹرول کو مہنگا کرناشامل ہیں۔
میزبان کے سوال کہ "کیا آئین وقانون میں ٹیکنوکریٹ حکومت لانے کی گنجائش ہے" کا جواب دیتے ہوئے کاشف عباسی نے کہا کہ شبر زیدی کے مطابق اگر حکومت ایمرجنسی لگا دے تو فنانشل ایمرجنسی لگائی جا سکتی ہے لیکن قانونی وآئینی طور پر اس کی گنجائش نہیں ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ ملاقاتوں میں 6 ماہ سے 2سال کیلئے ٹیکنوکریٹ کی حکومت قائم کرنے کی بات ہوئی ہے جبکہ یہ بھی کہا گیا کہ اس کیلئے قانونی جواز ڈھونڈا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی کے مطابق حکومت اس کیلئے قانون سازی کرنے کو بھی تیار ہے یا ہو سکتی ہے، اس کا مطلب ہے حکومت سے مشورہ کیا گیا ہے یا اتفاق رائے ہو گیا ہو گا کیونکہ یہ موجودہ حکومت کے حق میں ہے تاکہ انتخابات نہ ہوںاور مشکل فیصلے کسی اور کو کرنے پڑیں۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) عوام میں اپنی مقبولیت نہ ہونے کے باعث اس وقت انتخابات میں نہیں جانا چاہتی اور چاہتی ہے کہ وقت مل جائے تاکہ برابری کی سطح پر انتخابات ہوں! اب یہ وقت بتائے گا کہ حکومت ٹیکنوکریٹ حکومت کیلئے قانون سازی کرے گی یا نہیں یہ تو وقت ہی بتائے گا لیکن تحریک انصاف کے ردعمل سے لگتا ہے اس حوالے سے ان سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/15tecnosetaabbasi.jpg