
سینئر تجزیہ کار و صحافی کامران خان نےکہا ہے کہ پاکستان جمہوریت میں کامیابی صرف زرداری سیاست کو ملے گی جبکہ عمران خان سیاست کو صرف عوامی مقبولیت حاصل ہوگی ، اقتدار نہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے تازہ ترین وی لاگ میں کامران خان کا کہنا تھا کہ کل کے صدارتی انتخابات کے بعد یہ ثابت ہوا کہ پاکستانی جمہوریت میں کامیابی صرف زرداری سیاست کو ملے گی، عمران خان سیاست عوامی مقبولیت دے گی مگر اقتدار کی حقدار صرف زرداری سیاست ہوگی، نا صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی میڈیا بھی یہ گواہی دے رہا ہے کہ الیکشن 2024 کا شفافیت سےکوئی تعلق نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بے شک عمران خان کی عوامی مقبولیت آسمان چھو رہی ہے مگر وہ قید کاٹ رہے ہیں، پی ٹی آئی کو چاہے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں سے زیادہ ووٹ ملے مگر پھر بھی یہ جماعت اقتدار سے کوسوں دور ہے۔
https://twitter.com/x/status/1766805000045428891
کامران خان کا مزید کہنا تھا کہ پی پی پی نے کل صدارتی الیکشن کے الیکٹوریل کالج میں پی پی پی کے حصے میں آنے والی نشستوں سے تین گنا زیادہ یعنی چار سو گیارہ ووٹ حاصل کیے جبکہ دوسری جانب پی ٹی آئی بمشکل اپنے 181 ووٹ ہی حاصل کرسکی، قومی اسمبلی میں صرف 54 نشستیں رکھنے والی پیپلزپارٹی کے صدر آصف علی زرداری ، عارف علوی کی طرح نمائشی نہیں بلکہ طاقتور صدر مملکت ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ اور بلوچستان میں حکومتیں، پنجاب اورخیبر پختونخوا میں گورنر ہوں گے، شہباز شریف حکومت اپنی بقا کیلئے ہمیشہ زرداری حمایت کی طلبگار رہے گی، بھولیں نہیں یہ وہی زرداری ہیں جنہوں نے اسٹیبلشمنٹ کو للکارتےہوئے اینٹ سے اینٹ بجانے کی بات کی تھی۔
سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ پاکستان میں مسند اقتدار تک پہنچنے کیلئےعوامی مقبولیت کی نہیں بلکہ زرداری سیاست کی ضرورت ہوتی ہے، زرداری صاحت نے کمال ہوشیاری سے اسٹیبلشمنٹ کا اعتمادجیتا، دوسری جانب عمران خان نے اپنی سیاست کو آئیڈلزم کی بھینٹ چڑھادیا ہے، عمران خان کی کامیابی ایک عوامی انقلاب کی منتظر رہے گی ، مسند اقتدار تک پہنچنے کیلئے ابتدائی اسباق' زرداری سیاست' سے سیکھنے چاہیے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/0y1RPV6/15zardarissaat.png