
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )نے عمران خان کی اعلان کردہ 'جیل بھرو تحریک' کیلئے باضابطہ طور پر تیاریاں شروع کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت نے جیل بھرو تحریک کیلئے ریجنل و ضلعی تنظیموں کو خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں، جس میں تمام مقامی تنظیموں کو مختلف اہداف سونپ دیئے گئے ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کو 3 مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں پارٹی کے مرکزی قائدین اور اراکین پارلیمنٹ گرفتاریاں پیش کریں گے، دوسرے مرحلے میں ہر صوبائی حلقے سے 500 متحرک کارکنان جیل جانے کیلئے اپنی گرفتاری دیں گے۔
تیسرے مرحلے میں پاکستان تحریک انصاف کےووٹرز اور عام عوام گرفتاریاں دینے کیلئے جوق در جوق پولیس تھانوں کا رخ کریں گے۔
مرکزی قیاد ت نے رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دینےوالے کارکنان کی فہرستیں مرتب کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں ہیں، ان فہرستوں کو حتمی منظور ی کیلئے آئندہ ہفتے عمران خان کو پیش کیا جائے گا۔
یادرہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز قوم سے خطاب کرتے ہوئےوفاقی حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے جواب میں جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14jailbbharoootehreek.jpg