پاکستان میں ایک دن میں ریکارڈ کتنے لاکھ ٹیکس گوشوارے داخل ہوئے؟

tax.jpg


پاکستان میں ایک دن میں ریکارڈ 1 لاکھ 50 ہزار گوشوارے داخل کئے گئے جو کہ کسی ایک دن میں داخل کئے جانے والے گوشواروں کی تعداد میں سب سے زیادہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 28 ستمبر کوتقریباً 1 لاکھ 50 ہزار ریکارڈ گوشوارے داخل کئے گئے۔

ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان پر زور دیا ہے کہ وہ قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے ڈیڈ لائن سے پہلے اپنے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کریں۔ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے پر روزانہ ایک ہزار روپے جرمانہ ہوگا اور نان فائلرز کو دو سال قید کی سزا ہوگی۔

300،000 روپے سے زائد سالانہ کاروباری آمدنی والے افراد اور انجمنوں کو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ، سالانہ 600،000 روپے سے زیادہ کمانے والے تنخواہ دار افراد اور 500 مربع گز مکانات یا فلیٹس کے مالکان کو بھی ریٹرن داخل کرنا ہوگا۔


ایک ہزار سی سی کے گاڑیوں کے مالکان اور بڑے صنعتی صارفین جو سالانہ پانچ لاکھ روپے سے زائد بجلی کے بل ادا کرتے ہیں انہیں بھی ٹیکس ریٹرن داخل کرنا ہوگا۔

ایف بی آر کا مقصد ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنا ہے۔ اس نے پچھلے سال 4 کھرب روپے ٹیکس جمع کیا تھا اور اس نے اگلے سال کے لیے 5.8 کھرب روپے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ آئی ایم ایف کے نے مطالبہ کیا ہے کہ ہدف 5.9 ٹریلین روپے رکھا جائے جو کہ ایک چیلنج ثابت ہوگا۔

دوسری جانب ایف بی آر کو گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی درخواستیں ملی تھیں جس پر ایف بی آر حکام نے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا۔ترجمان ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ 15 اکتوبر تک بڑھا دی گئی ہے۔

واضح رہےکہ ایف بی آر کے ٹیکس فائلنگ سسٹم آئرس میں تکنیکی مسائل سامنے آئے تھے جس کے باعث تاجروں کی جانب سے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا گیا تھا۔