پاکستان میں گزشتہ مہینے کتنے ہزار نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں؟

secp1hh1i11h.jpg


سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی طرف سے گزشتہ مہینے ستمبر میں رجسٹر ہونے والی کمپنیوں کے اعداداوشمار جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ایس ای سی کی طرف سے جاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ مہینے ماہ ستمبر میں رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں کی تعداد 2477 تھی جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 2 لاکھ 2 ہزار 892 ہو چکی ہے۔ نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کی کل کیپٹلائزیشن (ادا شدہ سرمایہ) 59 اعشایہ 1 بلین (1ارب 59 کروڑ) روپے رہا۔

ایس ای سی پی کی طرف سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق نئی رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں میں سے 58 فیصد بطور پرائیویٹ لمیٹڈ رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ 39 فیصد کمپنیاں سنگل ممبر پر مشتمل ہیں جبکہ 3فیصد بطور پبلک ان لسٹڈ کمپنیز رجسٹرڈ ہوئیں۔ پاکستان میں کاروبار کرنے کے لیے رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں میں ایک غیرملکی کمپنی بھی شامل ہے۔

ایس ای سی پی کے اعلامیہ کے مطابق گزشتہ مہینے ماہ ستمبر میں 99.7 فیصد کمپنیوں نے رجسٹریشن آن لائن کروائی۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں کی تعداد 347 بتائی گئی ہے۔ کاروباری شعبے میں رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں کی تعداد 308 جبکہ سروسز فراہم کرنے والی 282 کمپنیاں گزشتہ مہینے میں رجسٹرڈ کروائی گئیں۔

زمین کی خریدوفروخت اور تعمیرات کے شعبے میں رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں کی تعداد 278 بتائی گئی ہے جبکہ سیاحت کے شعبے میں 123 کمپنیوں نے ایس ای سی پی سے رجسٹریشن کروائی۔ فوڈ اینڈ بیوریجز کے شعبے میں 100 کمپنیاں ، تعلیم کے شعبے میں 106 کمپنیوں کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے جبکہ دیگر شعبوں میں 186 کمپنیوں کو رجسٹرڈ کروایا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق بیرون ممالک سے ای سروسز استعمال کرتے ہوئے 92 درخواستیں جمع کروائی گئیں۔ نئی کمپنیوں کو این ٹی این نمبر کے لیے ایف بی آر، ای او بی آئی اور متعلقہ صوبائی محکموں کے ساتھ بھی رجسٹرڈ کروایا گیا ۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ سے 40 کمپنیوں کو رجسٹرڈ کروایا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق نئی رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں میں غیرملکی انویسٹرز کی تعداد 82 کے قریب ہے جن کے انویسٹرز مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ کمپنیز کے انویسٹرز کا تعلق افغانستان، آسٹریلیا، بحرین، چائنا، ڈنمارک، فرانس، انڈونیشیا، جاپان، کینیا، سائوتھ کوریا، کویت، ملائشیا، منگولیا، نائجیریا، ناروے، پرتگال، رومانیہ، روس، سپین، یو اے ای، برطانیہ، امریکہ اور ویتنام سے بتایا گیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1712441595222696275