پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ہڑتال کا اعلان

9petrolhartal.jpg

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں 25نومبر سے ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہڑتال کا اعلان پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اطلاعات نعمان علی بٹ نے کیا اور کہا کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو 25 نومبر سے آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کردیں گے۔


نعمان علی بٹ نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ڈیلرز کے منافع کی شرح میں اضافہ کیا جائے اور اسے 6 فیصد تک بڑھایا جائے،مطالبات کی منظوری تک ہم حکومت سے کسی قسم کے مذاکرات بھی نہیں کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے ہڑتال کی کال 5 نومبر کی تھی جسے حکومتی یقین دہانی پر مؤخر کردیا گیا تھا مگر حکومت نے اپنے وعدے پر عملدرآمد نہیں کیا۔

یادرہے کہ 5 نومبر کو ہڑتال کی کال کے پیچھے بھی پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا یہی مطالبہ تھا کہ ہمارے منافع کی شرح میں اضافہ کیا جائے، اس وقت وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نےایسوسی ایشن کے رہنماؤں سے ملاقات کرکے منافع کی شرح بڑھانے کی یقین دہانی کروائی تھی جس پر ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی تھی۔
 

Back
Top