اسٹیٹ بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق فروری 2025 میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فروری کے دوران آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات 30 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گئیں، جو کہ فروری 2024 میں 25 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز تھیں۔
رپورٹ کے مطابق، آئی ٹی برآمدات مسلسل 17ویں ماہ بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ میں اس شعبے کی برآمدات میں 26 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
مجموعی طور پر، گزشتہ 8 ماہ کے دوران آئی ٹی برآمدات 2 ارب 48 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کر چکی ہیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ برآمدات 1 ارب 97 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز تھیں۔
اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ پاکستان کو نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل ہونے کے باعث آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستانی آئی ٹی سیکٹر نے خلیجی ممالک میں اپنی رسائی کو مزید وسعت دی ہے، جبکہ روپے کی قدر میں استحکام بھی برآمدات میں بہتری کا ایک اہم سبب بنا ہے۔