
9 سال پہلے قطر سے کیے گئے معاہدے کی کابینہ سے توثیق شدہ گمشدہ دستاویز اب تک نہ ملنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے قطر سے 9 سال پہلے کیے گئے معاہدے کی دستاویز کے گم ہونے کا نوٹس لے لیا ہے، چھان بین کرنے کے باوجود قطر سے کیے گئے معاہدے کی کابینہ سے توثیق کی دستاویز اب تک نہیں مل سکیں۔ 2015ء میں دورہ پاکستان میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اس معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق قطر کی طرف سے معاہدے کی منظوری کے بعد دستاویز پاکستانی حکام کے حوالے کر دی گئی تھیں جس کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان سٹڈیز، ریسرچ اور معلومات کا تبادلہ ہونا تھا۔ وزیراعظم کی ہدایت کے بعد اس 9 سال پرانے معاہدے کی وفاقی کابینہ سے دوبارہ منظور لے لی گئی ہے، کابینہ سے قومی ورثہ ڈویژن کی اس سمری پر سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کےد رمیان ہونے والے اس معاہدے کی دستاویز گم ہونے کی وجہ سے پچھلے 8 سالوں کے دوران پاکستانی نوجوان بہت سے اہم مواقعوں سے محروم رہے۔ قطری وزارت خارجہ کی طرف سے پاکستانی حکام کو مسلسل معاہدے کی یاددہانی کروائی جاتی رہی ، اب سرکولیشن کے ذریعے دوبارہ سے سمری کی منظوری لی گئی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے چند دن پہلے امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی تھی۔
وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے مشترکہ مفاد میں پاکستانی وقطر کے مابین تجارتی واقتصادی تعلقات کو مزید فروغ کرنے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے امیر قطر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/17shehhdsatatvvevzvfhdj.png