پاکستان 13 سال بعد اذلان شاہ ہاکی کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

9pakisshickekkakajksjjsjsd.png

ملائیشیا میں جاری 30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں جاپان نے میزبان ملائیشیا کو شکست دیدی، ملائیشیا کی شکست کے بعد پاکستان اور جاپان نے 10، 10 پوائنٹس کے ساتھ اذلان شاہ کپ فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔۔

قومی ہاکی ٹیم نے ملائشیا میں کھیلے جانے والے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی سے ایک بار پھر سے پاکستان ہاکی کے ماضی کے سنہرے دور کی یاد تازہ کر دی ہے۔ ملائشیا میں کھیلے جانے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری فتح حاصل کر لی ہے۔

قومی ہاکی ٹیم نے ایپوہ میں کینیڈا کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں 4 کے مقابلے میں 5 گولوں سے کامیابی حاصل کی۔

قومی ہاکی ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے اور 4 میچز میں 10 پوائنٹس حاصل کر کے ٹیبل پر سرفہرست ہونے کے ساتھ ساتھ کینیڈا کو شکست دینے کے بعداذلان شاہ ٹورنامنٹ 2024ء کے فائنل کے قریب پہنچ چکی ہے۔ کینیڈا نے پہلے 17 منٹوں میں 2 گول کر کے میچ میں برتری حاصل کر کے قومی ہاکی ٹیم کو بیک فٹ پر ڈال دیا تھا۔

قومی ہاکی ٹیم کی طرف سے ابوبکر محمود نے کینیڈا کیخلاف پہلے 2 گول کیے جس سے قومی ٹیم کی کھیل میں واپسی ہوئی اور گرین شرٹس نے میچ 4 کے مقابلے میں 5 گول کر کے جیت لیا۔ کینیڈا کے خلاف غضنفر علی، رانا وحید اشرف اور ارشد لیاقت نے بھی ایک ایک گول کیا۔

کینیڈا کی طرف سے اوجوت بٹر اور ہربیر سندھو نے 1،1 جبکہ شان ڈیوس نے 2 گول کیے، جاپان کے ملائشیا کو شکست دینے کی صورت میں جاپان اور پاکستان سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ 2024ء کے فائنل میچ کے لیے کوالیفائی کر جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جاپان اور پاکستان کے درمیان کھیلا جانے والا میچ 1،1 گول سے برابر رہا تھاجبکہ اتوار کو کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں قومی ہاکی ٹیم نے کوریا کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 0 کے مقابلے میں 4 گولوں سے شکست دی تھی۔ قومی ہاکی ٹیم نے اپنا اگلا میچ 10 مئی کو نیوزی لینڈ کی ٹیم کے خلاف کھیلنا ہے۔