
ملک میں امن و امان کی صورتحال قائم کرنے کیلئے حکومت نے پنجاب میں رینجرز ، بلوچستان میں فوج کو تعینات کردیا ہےجبکہ لاہور میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، اس موقع پر بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبے میں فوج کی تعیناتی کیلئے بھیجی گئی ریکوزیشن اور پنجاب حکومت کی جانب سے رینجرز کی مدد سے متعلق درخواست پر بھی غور کیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے بلوچستان میں فوج کی تعیناتی کیلئے بذریعہ سرکولیشن سمر ی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت صوبے میں فوج کی تعیناتی کی منظوری دی، صوبے میں پاک فوج سول انتظامیہ کی مدد کیلئے تعینات کی جائے گی،وزارت داخلہ جلد اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردے گی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے رینجرز کی مدد کی فراہمی کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے وفاقی کابینہ نے پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دی اور بذریعہ سرکولیشن سمری انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت صوبے میں رینجرز تعینات کردی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کی نگراں حکومت نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے جس کے تحت ہر قسم کے احتجاج، دھرنے، اجتماع، جلسے جلوس اور ریلیوں پر پابندی ہوگی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/8punjaranhesrkhawaly.jpg