
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبے بھر میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر 73 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، جن کے نتیجے میں 10 دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں راولپنڈی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، بہاولنگر، رحیم یار خان، راجن پور، بھکر اور جہلم میں کی گئیں۔ گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں دو کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے ہے، جنہیں خوشاب اور جہلم سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دھماکا خیز مواد، ایک آئی ای ڈی بم، ایک ڈیٹونیٹر، 35 فٹ سیفٹی فیوز وائر، پمفلٹس، نقدی اور موبائل فون برآمد کیے گئے۔ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت ریاض، شفیق، راشد، جاوید، ظہیر، ظہیر الدین، حفیظ، وزیر، آصف اور وحید کے ناموں سے ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق یہ دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائیاں کرکے خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 758 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن میں 107 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور 30 ہزار 394 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.4thpillarpost.com/uploads/news/130920241613458.jpg