
اسلام آباد میں راولپنڈی پولیس کے اہلکار اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث پائے گئے ہیں، جس پر تھانہ سنگجانی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک اغوا کار کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اغواکاروں کے گروہ میں ایک خاتون اور تین مرد شامل ہیں، جن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان اغواکاروں نے دو شہریوں، مزائن اور ملوک کو اغوا کیا تھا۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واردات میں ملوث ایک ملزم شاہد اقبال کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان، راولپنڈی پولیس کے اہلکار زاہد عثمان، آفاق طارق طاہر اور ان کی ساتھی خاتون نادیہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ اغواکار خاتون شہریوں کو بلا کر انہیں اغوا کرنے کی وارداتیں انجام دیتی تھی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور فرار ہونے والے اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔