پولیس وردی کا مذاق اڑانےپر کاشف ضمیر اور پولیس اہلکار کیخلاف مقدمہ درج

kashifz1.gif


لاہور: پولیس نے مشہور ٹک ٹاکر کاشف ضمیر اور ایک پولیس اہلکار کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق، کاشف ضمیر پر الزام ہے کہ اس نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ویڈیوز میں پولیس وردی کا مذاق اڑایا اور قانون کی بالادستی کو چیلنج کرنے کی کوشش کی۔

پولیس حکام کے مطابق، وائرل ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹک ٹاکر نے ایک تقریب میں نہ صرف وردی میں موجود اہلکار کے ساتھ غیر سنجیدہ حرکات کیں بلکہ ایک موقع پر اہلکار کو پیسوں سے بھرا تھال اٹھائے ہوئے بھی دکھایا گیا۔ اس حرکت کو پولیس کے ادارہ جاتی وقار کے خلاف قرار دیا گیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1912982580120723879
ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ ویڈیو میں نظر آنے والا اہلکار محکمہ پولیس سے وابستہ ہے اور پولیس لائنز میں تعینات تھا۔ انہوں نے کہا کہ اہلکار نے ڈیوٹی کے اوقات کے بعد ذاتی طور پر کاشف ضمیر کی تقریبات میں شرکت کی، جو کہ محکمے کے ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اہلکار کو فوری طور پر حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اس قسم کی حرکات عوام میں پولیس کی ساکھ اور اعتماد کو نقصان پہنچاتی ہیں، جو قانون کے مطابق قابل گرفت جرم ہے۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ واقعے کی مکمل چھان بین جاری ہے اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب، ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کی طرف سے تاحال اس واقعے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد نے اس ویڈیو پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افراد کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
 
Last edited by a moderator:

Back
Top