لاہور کی ایک عدالت نے پہلی بیوی سے اجازت لیے بغیر دوسری شادی کرنے والے شخص کو قید و جرمانے کی سزاسنادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی فیملی کورٹ میں شوہر کی دوسری شادی کے خلاف پہلی بیوی کی درخواست پرسماعت ہوئی، دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ اس کے شوہر نے دوسری شادی کرنے کیلئے مجھ سے باضابطہ طور پر اجازت نہیں لی۔
فیملی کورٹ کے جج عدنان لیاقت نے کیس کی سماعت میں دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے دوسری شادی کرنے والے شخص کو 7 ماہ قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ دوسری شادی کیلئے قانونی طور پر پہلی بیوی سے تحریری اجازت لینا ضروری ہے، ملزم نے پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کی۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شوہر نے دوسری شادی سے پہلے اپنی پہلی بیوی سے تحریری اجازت نہیں لی اور ایسا کرنا مسلم فیملی لاء آرڈیننس کے سیکشن6 کی خلاف ورزی ہے، لہذا ملزم کو 7 ماہ قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جاتی ہے۔
عدالت نے اپنےفیصلے میں کہا ہے کہ اگر ملزم جرمانے کی رقم ادا نہیں کرپاتا تو اس کی سزا میں مزید ایک ماہ کا اضافہ کردیا جائے گا۔