پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان

petrol-pakistan-off-strike.jpg


پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مطالبات نا ماننے کی صورت میں 22جولائی سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں برس افراط زر کی شرح تقریبا 38 فیصد تک بڑھ چکی ہے،

دیگر اخراجات اور مالی لاگت کی وجہ سے کمیشن کی مد میں آمدنی بالکل ختم ہوکر رہ گئی ہے، حکومت کی جانب سے پیٹرولیم انڈسٹری ڈیلرز کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جارہا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان کی سب سے بڑی ایسوسی ایشن کا 1999 میں حکومت کے ساتھ پانچ فیصد منافع یا کمیشن کا معاہدہ ہوا تھا،2004 تک ہمارا کمیشن چار فیصد ہوگیا،

موجودہ حکومت نے ہمیں فی لیٹر پیٹرول پر صرف 6 روپے کمیشن دیا جو کہ صرف 2اعشاریہ 40 فیصد بنتا ہے، ایسوسی ایشن اس مارجن پر مطمئن نہیں تھی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہم نے اس معاملے پر بارہا وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک صاحب سے رجوع کرنے کی کوشش کی اور تمام بڑے اخبارات میں اپیل کے اشتہارات بھی شائع کروائے، مصدق ملک کے کراچی آنے کے وعدے کے بعد ایسوسی ایشن نے کسی بھی سخت قدم اٹھانے سے گریز کیا مگر وزیر صاحب نہیں آئے۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق کم مارجن کے علاوہ ودوسری بڑی پریشانی اسمگل شدہ ایرانی پیٹرول اور ڈیزل کی کھلے عام اور بے انتہا ترسیل ہے، جس کی وجہ سے ہماری سیل 30 فیصد تک کم ہوگئی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شکایات کا ازالہ نا ہونے اور حکومت کی جانب سے مطالبات پورے نا ہونے کی وجہ سے22 جولائی بروز ہفتہ صبح6 بجے سے پورے پاکستان کے پیٹرول پمپس بند کردیئے جائیں گے۔