پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے) کی نجکاری سے قبل طیاروں کے اضافی پارٹس فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی کی انتظامیہ نے ایئر لائنز کی نجکاری سے قبل ایک اہم فیصلہ کرلیا ہےجس کے مطابق نجکاری سے قبل طیاروں کے کروڑوں روپے مالیت کے اضافی اسپیر پارٹس فروخت کردیئے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طیاروں کے جو پرزے فروخت کیےجائیں گے ان کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، بوئنگ 707 اور بوئنگ 737 ، سیسنا اور فوکر طیاروں کے پارٹس کی فروخت کیلئے ٹینڈرز بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جو پرزے فروخت کیلئے پیش کیے جارہے ہیں یہ اضافی پرزے کئی سالوں سے پی آئی اے کے اسٹورز میں موجود تھے، اسپیئر پارٹس خریدنے کے خواہش مند افراد ٹینڈرز میں حصہ لینے کیلئے 29 اپریل تک درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے قومی ایئر لائنز پی آئی اے کی نجکاری کی تمام تر تیاری مکمل کرلی ہے، حکومت پی آئی اے کے تقریبا 51 فیصد شیئرز فروخت کرے گی جبکہ 49 فیصد شیئرز حکومت کی ہی ملکیت میں رہیں گے۔