پی سی بی نے بڑے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کو ملتوی کر دیا

20quajssnnnrrmausksj.png

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک کے سب سے اہم فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ، قائداعظم ٹرافی کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ 20 اکتوبر سے شروع ہونا تھا، لیکن اب تک سیزن کی تفصیلات طے نہیں کی جا سکیں، جس کے باعث اس کے آغاز میں تاخیر ہو رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق، قائداعظم ٹرافی کی نئی تاریخوں کا اعلان جلد متوقع ہے۔ پی سی بی کا ڈومیسٹک ڈیپارٹمنٹ اس حوالے سے چیئرمین محسن نقوی کی حتمی منظوری کا منتظر ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں مختلف ریجنل ٹیموں کی شرکت متوقع تھی، اور کھلاڑیوں نے اس کی بھرپور تیاری بھی کر رکھی تھی، لیکن اب تک نہ تو ٹیموں کا حتمی انتخاب ہو سکا اور نہ ہی شیڈول طے کیا جا سکا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ کے شیڈول میں تبدیلی کی ہو۔ اس سے قبل انڈر 19 ٹورنامنٹ کا آغاز بھی پہلے ہی دن روک کر ملتوی کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی ڈومیسٹک ڈیپارٹمنٹ نے ایک متبادل منصوبہ بھی تیار کیا ہے، جس کے تحت ڈیپارٹمنٹس کو پریذیڈنٹ ٹرافی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اگر قائداعظم ٹرافی میں مزید تاخیر ہوئی تو پہلے ڈیپارٹمنٹس کا فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کروایا جائے گا، جو پہلے 6 جنوری کو شیڈول تھا۔

اس صورتحال میں کھلاڑی اور شائقین نئی تاریخوں کے اعلان کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
 

Back
Top