
2 ارب ڈالر قرض کو مزید ایک برس کے لیے رول اوور کیا جائے گا: ذرائع وزارت خزانہ
پاکستان کے دوست ہمسایہ ملک چین کی طرف سے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی گئی ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق چین کی طرف سے پاکستان کو 7.1 شرح سود پر دیئے گئے 2 ارب ڈالر کے قرض کو رول اوور کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی گئی ہے، قرض میچور ہونے سے پہلے رول اوور کر دیا جائے گا۔ پاکستان نے چین کو قرض کی یہ رقم اگلے مہینے مارچ کے آخری ہفتے میں ادا کرنی تھی جسے موجودہ شرائط پر رول اوور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف سے گزشتہ برس رول اوور پر لیے گئے قرض پر سود کی مد میں 26.6 ارب روپے ادا کیے جا چکے ہیں، پاکستان نے یہ قرض چین، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے لے رکھا ہے۔ 2 ارب ڈالر قرض کا میچورٹی کا وقت 23 مارچ 2024ء کو مکمل ہو رہا ہے جسے اب چین کی طرف سے مزید ایک برس کے لیے رول اوور کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی طرف سے چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کو خط لکھا گیا تھا جس میں درخواست کی گئی تھی کہ قرض رول اوور کر دیا جائے، چین سے پاکستان نے مجموعی طور پر 4 ارب ڈالر کے محفوظ ذخائر حاصل کیے ہوئے ہیں۔قبل ازیں متحدہ عرب امارات کی طرف سے بھی 2 ارب ڈالر کا قرض بھی رول اوور کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنی درخواست میں چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کا پاکستان کی مالی معاونت کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ چین کی طرف سے پاکستان کے مشکل معاشی صورتحال میں اسے قرض کی ادائیگی کی گئی جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے غیرملکی ادائیگیوں کے بوجھ کو کم کرنے پر چینی حکومت کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14chinappkkussddff.png