
صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور سے ہزارہ ایکسپریس وے پر مانسہرہ کی طرف آنے والی گاڑی کا چالان کرنے پر ڈرائیور نے ہائی وے پولیس پر فائرنگ کر دی۔
ذرائع کے مطابق ہزارہ بیدڑہ انٹرچینج پر ہائی وے پولیس کی طرف سے ایک گاڑی کا چالان کرنے پر ڈرائیور نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر عامر نامی سب انسپکٹر شہید جبکہ پولیس آفیسر بابر اور کانسٹیبل نوید زخمی ہو گیا۔ واقعہ پشاور سے مانسہرہ کی طرف آنے والی مہران کار کا چالان کاٹنے پر پیش آیا۔
افسوسناک واقعے کے بعد شہید عامر کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ میں منتقل کر دیا گیا۔ واقعے میں زخمی ہونے والے افسر اور کانسٹیبل نوید کو ابتدائی طبی امداد دے کر ایبٹ آباد کمپلیکس ریفر کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈسٹرکٹ پولیس افسرمانسہرہ شفیع اللہ بھی فوری طور پر ہسپتال پہنچ گئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سب انسپکٹر عامر کو قتل کرنے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا جس کی شناخت کر لی گئی ہے اور اس کو گرفتار کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔واقعہ ضلع مانسہرہ کے بیدڑہ انٹرچینج پر اس وقت پیش آیا جب پشاور کی طرف سے آنے والی ایک گاڑی کو چالان کرنے کے لیے رکنے کا اشارہ کیا گیا۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ملزم کی شناخت ہو چکی ہے، اسے جلد سے جلد گرفتار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، ملزم کو قانون کی گرفت میں لاکر اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے کر جگہ جگہ ناکہ بندیاں کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں تلاشی کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/10hazaraexpresswayyshsh.png