
سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور ایک بار پھر تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے پر تولنے لگے، انہیں تحریک عدم اعتماد کے موقع پر گورنرشپ سے ہٹادیا گیا تھا۔جس کے بعد وہ مسلم لیگ ق میں شامل ہوگئے تھے۔
لندن سے تعلق رکھنے والے صحافی مرتضیٰ علی شاہ کا کہنا ہے کہ سابق گورنر چوہدری محمد سرور ایک بار پھر پی ٹی آئی میں شامل ہونا چاہتے ہیں لیکن انہیں تاحال کامیابی نہیں مل پائی ۔
مرتضیٰ علی شاہ کے مطابق چوہدری سرور نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کیلئے بھی مذاکرات کئے تاہم نواز شریف نے انکار کردیا کیونکہ2014میں عمران خان اور قادری کے ناکام دھرنے کے وقت وہ ن لیے چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
چوہدری سرور کو مسلم لیگ ق میں شمولیت کے بعد پارٹی کا چیف آرگنائزر بنایا گیا تھا لیکن انہوں نے سوائے عائشہ گلالئی اور چند رہنماؤں کی شمولیت کروانے کے پارٹی معاملات میں کوئی دلچسپی نہ لی۔
چوہدری سرور پی ٹی آئی رہنماؤں سے رابطے کررہے ہیں لیکن انہیں کامیابی نہیں مل پارہی کیونکہ انہیں اگر کوئی شمولیت کی اجازت دے سکتا ہے تو وہ اڈیالہ جیل میں قید عمران خان ہیں لیکن انہوں نے واضح کر دیا ہے کہ وہ ان درجنوں رہنماؤں کو معاف نہیں کریں گے اور نہیں بھولیں گے جنہوں نے مشکل وقت میں انہیں مایوس کیا۔ عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف لابنگ کرنے والے قابل قبول نہیں۔
چوہدری سرور کے پی ٹی آئی میں شامل ہونیکی خواہش کی وجہ بھی سامنے آگئی ہے۔ اسکی وجہ یہ ہے کہ چوہدری سرور اپنے بیٹے انس کو گلاسکو کا الیکشن جتوانا چاہتے ہیں کیونکہ گلاسکو میں اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے جن کا جھکاؤ عمران خان کی طرف ہے۔
دوسری وجہ یہ ہے کہ فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چوہدری سرور کے کافی رشتہ دار موجود ہیں جنہیں چوہدری سرور الیکشن لڑوانا چاہتے ہیں۔
چوہدری سرور جب ان سے پی ٹی آئی میں دوبارہ شمولیت کی کوششوں کے بارے میں پوچھا گیا تو سرور نے ترید نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام آپشنز دستیاب ہیں، مختلف سطحوں پر بات چیت جاری ہے، ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے، جلد ہی حتمی فیصلہ کروں گا۔
ایک اور باخبر ذرائع نے بتایا کہ اب تک پی ٹی آئی نے اس پیشکش میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی ہے، پی ٹی آئی سپورٹرز بھی چوہدری سرور کو تحریک انصاف میں نہیں دیکھنا چاہتے۔ان کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں چوہدری سرور تحریک انصاف کو چھوڑ گئے تھے اور انہوں نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ بنانے کیلئے سہولت کاری کی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/chsar1i11h2.jpg