
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی رہائش گاہ کیلئے پونے چھ لاکھ کی ایل ای ڈی ٹی وی کے ٹینڈر پر لاہور کے ایک شہری نے خط لکھ اپنے دوستوں سے انوکھی اپیل کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک خط وائرل ہورہا ہے جو لاہور کےایک شہری کی جانب سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی کو لکھا گیا ہے۔
خط میں شہری کا کہنا تھا کہ کچھ روز قبل اخبار میں ایک ٹینڈر اشتہار شائع ہوا جس میں چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کی رہائش گاہ کیلئے 75 انچ کی سمارٹ ایل ای ڈی ٹی وی لگانے کیلئے بڈ طلب کی گئی تھی، ٹینڈر میں دی گئی شرائط کے مطابق ایل ای ڈی کی قیمت تقریبا 5 لاکھ 75 ہزار کے قریب ہوگی۔

شہری نے اپنے خط میں سوال کیا کہ سر کیا آپ سچ میں یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے جیسا غریب ملک آپ کے سمارٹ 75 انچ کی ایل ای ڈی ٹی وی میں پروگرامز دیکھنے کی خواہش کو پورا کرنے کے اخراجات اٹھانے کے قابل ہے؟
شہری نے اپنے خط میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو ملنے والی تنخواہ اور مراعات کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ چیف جسٹس ہائی کورٹ تمام مراعات کے علاوہ 10 لاکھ 50 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ لیتے ہیں۔

شہری نے خط میں چیف جسٹس سے کہا کہ میں آپ کے گھر ایل ای ڈی ٹی وی لگانے کیلئے اپنی جیب سے 10ہزار روپے دے سکتا ہوں، اور میں اپنے تمام دوستوں سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس فنڈ میں اپنا حصہ ملائیں، تاہم یہ ایک بڑی رقم ہے اس لیے میں اپنے دوستوں سے یہ بھی درخواست کروں گا کہ وہ اس اپیل کو مزید دوستوں تک پھیلائیں تاکہ ہم آپ کے گھر پر ایل ای ڈی ٹی وی لگانے کابندوبست کرسکیں۔
شہری نے کہا کہ جب تک ہم یہ پیسے اکھٹا کرتے ہیں اس دوران آپ اسسٹنٹ رجسٹرار پروکیورمنٹ کو ہدایت دیں کہ وہ اس ٹینڈر کو کینسل کردیں ، شکریہ۔
- Featured Thumbs
- https://i.imgur.com/OSKlrDC.jpg