چیمپئنز ٹرافی،فہیم اشرف کی اچانک ٹیم میں واپسی،سابق کرکٹرز نےسوالات اٹھادیے

FAHEEM-ASHRAF.jpg


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اسکواڈ میں سے عبداللہ شفیق، محمد عرفان خان، صائم ایوب اور سفیان مقیم کو ڈراپ کر دیا گیا ہے، جب کہ ان کی جگہ فہیم اشرف، فخر زمان، خوشدل شاہ اور سعود شکیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اسکواڈ کے اعلان کے بعد سابق کرکٹرز نے سلیکشن کمیٹی کے فیصلوں پر سوالات اٹھائے ہیں اور چند کھلاڑیوں کے اخراج پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سابق کپتان راشد لطیف نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صائم ایوب جیسے باصلاحیت کھلاڑی کا اسکواڈ سے باہر ہونا حیران کن ہے۔ ان کے مطابق صائم کی حالیہ کارکردگی شاندار رہی تھی اور وہ جیت کی ضمانت بنے ہوئے تھے، اس لیے ان کا نہ ہونا ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں اوپنر واضح طور پر نظر نہیں آ رہا۔ فخر زمان واپس آئے ہیں، شاید وہ سعود شکیل یا بابر اعظم کے ساتھ اوپننگ کریں گے۔ خوشدل شاہ اور فہیم اشرف ٹیم میں واپس تو آئے ہیں، لیکن ان کی سلیکشن پر سوالیہ نشان ہے کیونکہ وہ پچھلے کچھ عرصے سے سسٹم میں نظر نہیں آ رہے تھے۔

راشد لطیف نے سلیکشن کمیٹی کی حکمتِ عملی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے زیادہ تیاری نہیں کی کہ چیمپئنز ٹرافی کیسے کھیلنی ہے۔ اچانک کچھ کھلاڑی ٹیم میں آئے ہیں، یہ سب اچھے پلیئرز ہیں، لیکن ان کے کرکٹ کیریئر میں بڑا گیپ ہے جو پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔

سابق کرکٹر سکندر بخت نے بھی ٹیم کے انتخاب پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق وکٹ کیپر عثمان خان کی سلیکشن پر اعتراض بنتا ہے کیونکہ انہوں نے پاکستان میں زیادہ کرکٹ نہیں کھیلی۔ انہوں نے کہا کہ جو لڑکے یہاں ہزاروں رنز کر رہے ہیں، ان میں سے کسی کو موقع نہیں دیا گیا، بلکہ ایسے کھلاڑی کو اسکواڈ میں ڈال دیا گیا جو پاکستان میں کھیلتا ہی نہیں۔ عثمان کی کوئی خاص پرفارمنس بھی نہیں ہے، انہوں نے 18 ٹی ٹوئنٹی میچز میں صرف 232 رنز بنائے ہیں، تین فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں اور کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیلا۔

سکندر بخت نے خوشدل شاہ اور فہیم اشرف کی سلیکشن پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ خوشدل نے 2022 کے بعد کوئی میچ نہیں کھیلا، لیکن انہیں اس لیے منتخب کر لیا گیا کیونکہ وہ بنگلہ دیش میں کھیل رہے تھے اور وہاں چھکے مار لیے۔ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہماری ڈومیسٹک کرکٹ زیادہ اہم ہے یا پھر وہ کھلاڑی جو صرف لیگز میں اچھا کھیل کر ٹیم میں جگہ بنا لیتے ہیں۔

15 رکنی قومی اسکواڈ میں بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، اور طیب طاہر شامل ہیں جبکہ آل راؤنڈرز میں فہیم اشرف، خوشدل شاہ اور سلمان علی آغا (نائب کپتان) اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ قومی اسکواڈ میں وکٹ کیپر بیٹرز محمد رضوان (کپتان) اور عثمان خان بھی شامل ہیں۔ بولرز میں اسپنر ابرار احمد اور فاسٹ بولرز حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔
 

Back
Top