News_Icon
Chief Minister (5k+ posts)
لاہور: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے اپنے خدشات سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آگاہ کر دیا ہے اور تجویز دی ہے کہ بھارتی ٹیم کے میچز کسی نیوٹرل مقام پر منعقد کیے جائیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے "ٹائمز آف انڈیا" نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ بی سی سی آئی دبئی کو نیوٹرل وینیو کے طور پر ترجیح دے رہا ہے اور آئی سی سی ایونٹ کے دوران بھارتی ٹیم کے میچز وہاں منعقد کرانے کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کو طویل عرصے بعد چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا ہے، جس کے میچز اگلے سال فروری اور مارچ میں کراچی، لاہور، اور راولپنڈی میں منعقد کیے جائیں گے۔ پی سی بی نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بھارتی ٹیم کے تمام میچز لاہور میں رکھنے کی تجویز دی تھی تاکہ بھارتی شہری واہگہ بارڈر کے ذریعے آسانی سے میچز میں شرکت کر سکیں۔
بھارت نے 2008 کے بعد سے پاکستان میں کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سیریز کا انعقاد بھی 2012-13 کے بعد سے ممکن نہیں ہوا ہے۔ بھارتی بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ بھارتی حکومت پر چھوڑا ہے اور فی الحال بھارتی حکومت کی طرف سے اس بارے میں کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔
گزشتہ سال کے ایشیا کپ کی طرح، چیمپئنز ٹرافی میں بھی ہائبرڈ ماڈل اپنانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ایشیا کپ میں بھی بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کیا تھا، جس کے بعد بھارتی میچز سری لنکا میں منعقد کیے گئے تھے۔ سری لنکا میں ہونے والے فائنل میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر حصہ لے گا۔ چیمپئنز ٹرافی 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو فائنل میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/tLzrjkb/3.png