چینی کمپنی اور پاکستان ریفائنری کے درمیان ڈیڑھ ارب ڈالر کا ایم او یو سائن

oil-paksitan-rf-china.jpg


چینی کمپنی اور پاکستان ریفائنری کے درمیان ڈیڑھ ارب ڈالر سرمایہ کاری کے ایم او یو پر دستخط ہوگئے، پاکستان ریفائنری کی پیٹرول کی پیداوار ڈھائی لاکھ سے بڑھ کر 16 لاکھ میڑک ٹن اور ڈیزل کی پیداوار 6 لاکھ سے 20 لاکھ میٹرک ٹن ہو جائے گی۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی پاکستان اور چینی کمپنی کے مابین پیٹرولیم کی صنعت میں 1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی مفاہمتی یادداشت پر بیجنگ میں دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی بھی موجود تھے۔

دوران تقریب یونائیٹڈ انرجی گروپ اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے,ریفائنری سے حاصل ہونے والا پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل نہ صرف مہنگے درآمدی ایندھن کا متبادل ہوگا بلکہ ریفائنری کی پیٹرول کی کل پیداواری استعداد اڑھائی لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھ کر 16 لاکھ میڑک ٹن اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار 6 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھ کر 20 لاکھ میٹرک ٹن ہو جائے گی۔

ذرائع وزارت تجارت کے مطابق پاک چین دو طرفہ سرمایہ کاری و تجارت بڑھانے کا معاہدہ طے پایا ہے اور یہ معاہدہ نگران وزیر صنعت و تجارت گوہراعجاز کے دورہ چین کے دوران ہوا۔

ذرائع کے مطابق معاہدے کے تحت چینی کمپنی پاکستان کنسورشیم قائم کرے گی اور چینی کمپنی پاکستان سے لال مرچ اور گوشت سمیت دیگر مصنوعات درآمد کرے گی,چینی کمپنی پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبہ بھی شروع کرے گی۔