
فیصل آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ کاروباری اداروں پر حملے غیر اسلامی فعل ہیں اور ریاست ان واقعات کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا جو ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ ریاست اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں، اور سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے والے اداروں پر حملے کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں بین الاقوامی فوڈ چینز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ملک بھر میں تقریباً 20 مختلف مقامات پر نجی ریسٹورنٹس پر حملے کیے گئے، جن میں وہ ادارے شامل ہیں جہاں 25 ہزار سے زائد پاکستانی روزگار حاصل کیے ہوئے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ جو لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری لاتے ہیں، ان پر حملہ آور ہونا نہ صرف معیشت دشمنی ہے بلکہ قومی مفاد کے بھی خلاف ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ان حملہ آوروں کو گرفتار کیا گیا تو وہ فوراً معافی مانگنے لگے۔
وزیر مملکت کے مطابق پنجاب میں تشدد اور توڑ پھوڑ کے مختلف واقعات میں 142 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اسلام آباد میں دو واقعات میں 15 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
طلال چوہدری نے واضح کیا کہ ریاست قانون شکن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کرے گی اور ملکی امن، روزگار اور سرمایہ کاری کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔