
کالعدم تنظیم کے دھرنے کی صورت میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، ایف آئی اے
نجی نیوز چینل اے آر وائی کے مطابق سائبر کرائم رپورٹنگ سنٹراسلام آباد نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ لاہور کو مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں انکشاف سامنے آیا ہے کہ کالعدم تنظیم کے متعدد واٹس ایپ گروپس میں 28 غیر ملکی موبائل نمبر موجود ہیں۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے تحقیقات کیں تو پتہ چلا کہ ان موبائل نمبرز کا تعلق بھارت سمیت دیگر ممالک سے ہیں، جو پاکستان میں رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ ان نمبرز کے ذریعے واٹس ایپ کے گروپ ممبران اور کارکنان کو تشدد پر اکسایا گیا، جس کی وجہ سے صورت حال مزید خراب ہوئی۔
ایف آئی اے نے تحقیقات کیں تو پتہ چلا کہ پاکستان کی اندرونی صورتحال کو خراب کرنے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں جن کی شہ پر ملک میں امن و امان کی صورت حال خراب ہوئی ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بھی کالعدم ٹی ایل پی سے متعلق کہا کہ یہ کوئی اسلامی یا سیاسی جماعت نہیں بلکہ عسکری گروہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ گروہ بھارت سے فنڈنگ اور ہدایات لے رہا ہے۔
قبل ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی کالعدم ٹی ایل پی کے کارکنوں سے واپس جانے کی درخواست کی تھی اور واضح کیا تھا کہ ریاست کی رٹ کو ہر صورت قائم کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ جب تمام مطالبات تسلیم کرلیے تھے تو احتجاج کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔ مارچ کو ہر صورت اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکا جائے گا، مظاہرین واپس مرکز چلےجائیں تو ان سےبات چیت کیلئے تیار ہیں۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا تھا کہ آج اور کل دوبارہ سعد رضوی سے بات ہو گی امید ہے کوئی حل نکل آئے گا۔ پاکستان کے خلاف عالمی پابندیاں لگانے کی سازش ہو رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جی ٹی روڈ بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جی ٹی روڈ اہم شاہراہ ہے اسے بند نہیں کیا جا سکتا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/social-media-india-comp1.jpg