کراچی،موبائل مارکیٹ میں2کروڑ سے زائد کی ڈکیتی،سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

3mobilecomprobbry.jpg

کراچی کے تھانہ پریڈی کی حدود میں موبائل مارکیٹ میں واقع ایک دکان پر کراچی کی اب تک سال کی پہلی بڑی ڈکیتی ہو گئی۔

ڈکیتی کا واقعہ 10 جنوری کی شام پیش آیا جب 4ڈاکوؤں نے ایک موبائل شاپ کے عملے کو یرغمال بنا کر ایک کروڑ مالیت سے زائد کے موبائل فون چھین لیے۔

پولیس کے مطابق ڈاکو جانے سے دکان کے گلے/ دراز سے 46 لاکھ روپے نقدی اور 77 لاکھ روپے مالیت کے کراس چیک بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان جاتے ہوئے دکان پر موجود ملازمین کے موبائل فون بھی لے گئے۔


تفصیلات کے مطابق یہ ڈکیتی نجی موبائل کمپنی کی شاپ پر ہوئی جو کہ صدر کے علاقے میں موبائل مارکیٹ میں واقع تھی۔ ڈکیتی کا مقدمہ کمپنی کے سیلز منیجر کی مدعیت میں تھانہ پریڈی میں درج کر لیا گیا ہے۔

سیلز منیجر نے بتایا کہ 4مسلح ملزمان جن میں 3پینٹ شرٹ 1شلوار قمیض پہنے ہوئے تھا اسلحہ کے زور پر دفتر میں داخل ہوئے اور چاروں ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر مجھ سمیت عملے کو یرغمال بنایا۔

اب اس موبائل فون کمپنی میں ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت کی بالائی منزل پر 4 ملزمان سیڑھی کے راستے آتے ہیں، چاروں ملزمان زینے میں کھڑے ہو کر منصوبہ بندی کرتے ہیں۔

اس دوران سامنے کے دفتر کا لڑکا منظر دیکھنے لگتا ہے تو واردات کا آرگنائزر مسلح شخص اسے بھی ساتھ لے جاتا ہے۔ 3 ملزمان واردات کر رہے ہوتے ہیں تو چوتھا قمیض شلوار پہنا شخص نگرانی کرتا نظر آتا ہے۔