
کراچی میں رجسٹرڈ قبرستانوں کیلئے فیس مقرر کردی گئی ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہے کہ رجسٹرڈ قبرستانوں میں تدفین کے لیے 14,300 روپے کی مقررہ قیمت متعارف کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نرخ کی نشاندہی کے لیے تمام رجسٹرڈ قبرستانوں میں بینرز بھی لگا دیے گئے ہیں۔
اس ضمن میں انہوں نے مزید وضاحت کی کہ قبرستانوں میں کام کرنے والے افراد کو مقررہ نرخ کے تحت کام کرنے پر پابند کیا گیا ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے قبرستانوں میں قبریں مسمار کرنے والی مافیا کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کی رجسٹریشن کے بغیر قبرستان میں کام کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ اگر کوئی شخص مقررہ نرخ سے زائد رقم وصول کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
میئر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قبرستان میں تدفین کے لیے صرف 14,300 روپے ادا کریں اور اس سے زائد رقم ادا نہ کریں۔ مزید برآں، انہوں نے شکایت کے لیے ایک ہیلپ لائن نمبر 1339 فراہم کیا ہے تاکہ زائد رقم وصول کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔
- Featured Thumbs
- https://i.imghippo.com/files/gUM3291ZqY.jpg