کراچی میں چاند رات پر ہوائی فائرنگ، بچوں سمیت 12 افراد زخمی

300311_9406459_updates.jpg


کراچی میں شوال کا چاند نظر آنے کی خوشی میں مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔ ڈان نیوز کے مطابق، لیاری، قصبہ کالونی، میانوالی کالونی، فرنٹیئر کالونی، ناظم آباد اور اورنگی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن میں تین افراد زخمی ہوئے، جن میں 9 سالہ آسیہ، 35 سالہ نوشین اور 11 سالہ ارم شامل ہیں۔ قصبہ کالونی میں ایک بچی، فرنٹیئر کالونی میں ایک شخص، حیدری اور میانوالی کالونی میں دو افراد نامعلوم سمت سے آنے والی گولیوں کا نشانہ بنے۔ ناظم آباد میں منصور نامی شخص اور بلدیہ قائم خانی کالونی میں 16 سالہ وحید بھی زخمی ہوا۔

کراچی پولیس نے شہریوں کو ہوائی فائرنگ سے باز رہنے کی ہدایت کی تھی، تاہم متعدد علاقوں میں شدید فائرنگ دیکھنے میں آئی۔ پولیس نے اعلان کیا ہے کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے شوال المکرم 1446 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا، جس کے بعد ملک بھر میں عید الفطر کل منائی جائے گی۔
 

Back
Top